مولانا مسلسل وفاقی تحقیقاتی اداروں کے ریڈار پر کیوں؟

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے مبینہ ساتھی امان اللہ کے مالی معاملات اور جائیدادوں سے متعلق تحقیقات شروع ہونے کی اطلاعات سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی مختلف قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ تحقیقاتی اداروں کی توجہ اسلام آباد کے سیکٹر جی 6/4 میں واقع ایک رہائش گاہ پر مرکوز ہے، جس کی ملکیت سرکاری ریکارڈ کے مطابق امان اللہ کے نام ہے اور جسے 2019 میں 5 کروڑ روپے کی ظاہر کردہ رقم کے عوض ان کے نام منتقل کیا گیا تھا۔ امان اللہ کو تحقیقاتی اداروں کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیسرا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے، ایف بی آر اور سی ڈی اے اس معاملے کے مختلف پہلوؤں کی چھان بین کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی 6/4، مکان نمبر 7، گلی نمبر 83 میں واقع رہائش گاہ تحقیقات کا اہم مرکز ہے۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق یہ جائیداد امان اللہ کے نام پر ہے، جنہوں نے 23 مئی 2019 کو اسے 5 کروڑ روپے کی ظاہر کردہ رقم کے عوض اپنے نام منتقل کرایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے امان اللہ کے خلاف حوالہ ہنڈی، منی لانڈرنگ اور مشتبہ نقد لین دین کے الزامات کے تحت انکوائری شروع کر دی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان کا نام پی این آئی ایل اور پی سی ایل کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے انہیں 2 نومبر اور 6 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے نوٹس جاری کیے گئے تھے، تاہم دونوں مرتبہ عدم پیشی کے بعد 10 نومبر کے لیے تیسرا نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔

اس معاملے میں اہم سوال یہ ہے کہ زیرِ تفتیش جائیداد کی خریداری کے لیے رقم کہاں سے آئی، اس کے مالی ذرائع کیا تھے اور متعلقہ لین دین قانونی تقاضوں کے مطابق ہوا یا نہیں۔ ایف آئی اے کے علاوہ ایف بی آر اور سی ڈی اے بھی جائیداد کی ملکیت، مالی ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ پرکھ میں متحرک دکھائی دیتی ہیں۔سیاسی و قانونی مبصرین کے مطابق کسی سیاسی رہنما یا ان کے مبینہ ساتھی کے مالی معاملات کی تحقیقات کو محض سیاسی وابستگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ شواہد اور قانونی معیار پر پرکھا جانا چاہیے۔ اگر مالی بے ضابطگی یا منی لانڈرنگ کے الزامات ثابت ہوتے ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے، تاہم تحقیقات شروع ہونے یا نوٹس جاری ہونے کو جرم ثابت ہونے کے مترادف قرار نہیں دیا جا سکتا۔

Back to top button