وزیراعظم اورفیلڈمارشل سےسنگاپور کے وزیر خارجہ کی الگ الگ ملاقاتیں

سنگاپور کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سے ملاقات کی جس میں علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے علاقائی امن و استحکام پر خیالات کے تبادلے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور بھی دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے علاقائی امن، استحکام اور سیکیورٹی کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی روابط بڑھانے اور بامقصد رابطوب کی اہمیت پر زور دیا۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ نے بھی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
