سہیل آفریدی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نہیں بچیں گے، ثمر ہارون بلور

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ پشاور میں صورتحال معمول کے مطابق ہے، جبکہ سہیل آفریدی حفاظتی تحویل میں ہیں مگر وہ ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نہیں بچیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ سہیل آفریدی کے ضلع میں بدمزگی کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ضلع خیبر میں ایک گروہ نے نادرا کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور پولیس اہلکاروں کو زدوکوب کیا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں ملوث کچھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ تخریب کاری میں ملوث دیگر افراد روپوش ہوگئے ہیں۔ بعض افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں۔

مشیر اطلاعات کے مطابق واقعے کے دوران چند پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ سہیل آفریدی ریڈیو پاکستان پر حملے کے مقدمے میں نامزد ملزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں سہیل آفریدی اور مینا خان نہیں بچ سکیں گے۔

 

 

Back to top button