متحدہ اپوزیشن کا گورنرراج،ایمرجنسی کیخلاف مشترکہ جدوجہدکااعلان

خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کردیا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں اور آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلیاں چھوڑنے کا آپشن بھی موجود ہے، تاہم ہم پرامن اور آئینی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور مذاکرات کے لیے بھی تیار ہیں۔؎
دوسری جانب گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف دائر آئینی درخواستیں پشاور ہائیکورٹ نے 20 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔
پشاور ہائیکورٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں کیونکہ ان کے بقول وفاقی حکومت نے غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے صوبے کی منتخب حکومت ختم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ اس لیے آئے ہیں کہ صوبے کے چار کروڑ عوام کی منتخب حکومت ختم کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے نشستیں جیتیں، لیکن حکومت کسی اور کو دے دی گئی، ارکان اسمبلی کو نااہل کیا گیا اور انتخابی عمل پر بھی سنگین اعتراضات سامنے آئے۔
