آزاد کشمیر اسمبلی سے بھارتی اقدامات واپس لینے کی قرارداد منظور

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے قرار داد کی منظوری دے دی ہے۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں انتخابات اقوام متحدہ کی قراردادوں کا نعم البدل نہیں ہوسکتے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا تھا لائن آف کنٹرول کو عالمی بارڈر بنانے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی کی جانب سے کشمیر پر قرارداد پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات واپس لے، قرار داد میں یہ بھی کہا گیا کہ اقوم متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے تاکہ کشمیری عوام کو جمہوری حق مل سکے، کشمیر سے متعلق مشترکہ قرارداد قانون ساز اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
