الیکشن کمیشن نےای وی ایم ،آئی ووٹنگ کیلئے فنڈز مانگ لئے

الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور آئی ووٹنگ کیلئے وفاقی حکومت سے فنڈز مانگ لئے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا،جس میں معزز ممبران ، سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ای وی ایم / بیرون ملک ووٹنگ پر الیکشن کمیشن کی طرف سے کی گئی پیشرفت پر بریفنگ دی۔الیکشن کمیشن نے پی ایم یو کی طرف سے اب تک کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دفتر کو حکم دیا کہ اس پراجیکٹ میں شفافیت یقینی بنائی جائےاور فنڈز کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت اور وزارت خزانہ کو تحریر کیا جائے تاکہ اس پروجیکٹ پر مزید پیشرفت کی جا سکے۔
اس اجلاس میں پی ایم یو کے سربراہ نے الیکشن کمیشن کو اس پر بھی بریف کیا کہ 2 نومبر 2022 کوالیکشن مینجمنٹ سسٹم ای ایم ایس کی فنانشل بڈ کھولی جا رہی ہے تاکہ اس سلسلے میں مزید کارروائی کی جاسکے ۔اس سسٹم میں ٹیسٹنگ، ٹریننگ اور پائلٹنگ شامل ہے ۔
الیکشن کمیشن کے سربراہ نے مذکورہ بالا امور کواہم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس میں ووٹ کے تقدس ، رازداری اور الیکشن کی ساکھ کا خیال رکھنا انتہائی ضرور ی ہے ہمیں انتخابی عمل میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا لیکن الیکشن کی شفافیت ، ووٹروں کی سہولت اور تمام سٹیک ہولڈرز کے اعتماد کومدنظر رکھنا بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔
لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سانحہ مری کیس کا فیصلہ سنا دیا
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پچھلے سال پی ایم یو یونٹ تشکیل دیا تھا جوکہ مذکورہ بالا پراجیکٹ/سسٹم پر کام کر رہا ہے اور اپنی تجاویز اورپیشرفت کے حوالہ سے کمیشن کو آگاہ کرتا رہتا ہے ۔
