اداکارہ حنا رضوی کا شادی پر تنقید کرنیوالوں کو کرارا جواب

اداکارہ حنا رضوی نے اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں تو سوشل میڈیا پر تنقید کا طوفان اُمڈ آیا، جس پر اداکارہ نے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں بریانی نہیں ہوں کہ ہر کوئی مجھ سے خوش ہو جائے یا کسی کو پسند آئوں۔حنا رضوی چند دن قبل ہی سوشل میڈیا انفلوئنسرعمار احمد خان سے رشتہ ازدواج میں بندھیں تھیں، ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئی تھیں۔ شادی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد بعض افراد نے ان کی جسامت پر تنقید کی تو کچھ صارفین نے انہیں زائد العمری میں شادی کرنے کے طعنے دیے۔ کچھ افراد نے ان پر یہ الزام بھی لگایا کہ انہوں نے خود سے کم عمر اور کم شہرت یافتہ شخص سے شادی کی۔ لوگوں کی تنقید کے بعد حال ہی میں حنا رضوی نے ایک شو میں خود پر ہونے والی تنقید پر کھل کر بات کی۔حنا رضوی حال ہی میں ندا یاسر کے شو میں شوہر سمیت شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شادی پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا، ان کی شادی اور ان پر تنقید کرنے والے چند ہی لوگ ہیں، جنہوں نے جعلی اکاؤنٹس بناکر ان پر تنقید کرکے توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق وہی چند جعلی اکاؤنٹس والے مختلف پوسٹس اور ویڈیوز میں جاکر ان کی شادی اور ان کی جسامت پر کمنٹس کرتے دکھائی دیئے، حنا رضوی کا کہنا تھا کہ ان کی شادی پر ایسے بھی کمنٹس کیے گئے کہ دیکھتے ہیں ان کی شادی کتنا عرصہ چلتی ہے؟ انہوں نے سوال کیا کہ ایسے کمنٹس کرنے والے یہ بتائیں کہ پہلے ان کی کتنی شادیاں تھیں جو ناکام ہوئیں؟ یا ان کے شوہر نے پہلے کتنی شادیاں کیں جو طلاق پر ختم ہوئیں؟ انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں کبھی بولڈ لباس نہیں پہنا، کبھی بولڈ کردار ادا نہیں کیے، وہ اپنے کلچر کو ساتھ لے کر چلتی ہیں اور انہیں اپنی مشرقی ثقافت پر فخر ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ وہ بھی مسلمان ہیں، روزے رکھتی ہیں، نمازیں پڑھتی ہیں اور حجاب کرنے والی خواتین کی عزت کرتی ہیں لیکن وہ یہ دعویٰ نہیں کرتیں کہ وہ بہت ہی دیندار شخصیت ہیں، اگر بعض لوگوں کو وہ پسند نہیں تو اس میں ان کی کوئی غلطی نہیں، اگر وہ کسی کو اچھی نہیں لگتیں تو وہ اس میں کچھ نہیں کر سکتیں، وہ بریانی نہیں ہے کہ وہ کسی کو اچھی لگیں یا ہر کسی کو خوش رکھ سکیں۔اداکارہ کی تنقید کرنے والوں کو جواب دینے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر کمنٹس کرتے ہوئے ان کی بہادری اور شخصیت کو سراہا۔

Back to top button