ہنی سنگھ کے بھانجے سمیت دو نوجوان ٹریفک حادثے میں جاں بحق، گاڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی
بھارتی شہر جالندھر میں سالگرہ کی تقریب سے واپسی پر حادثہ پیش آیا، گلوکار ہنی سنگھ نے بھانجے کی موت کو اپنے لیے تباہ کن صدمہ قرار دے دیا۔

بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں معروف گلوکار یو یو ہنی سنگھ کے بھانجے سمیت دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
حادثہ پولیس لائنز کے قریب ایک فلائی اوور پر پیش آیا، جہاں سالگرہ کی تقریب سے واپس آنے والی گاڑی سڑک پر کھڑی میونسپل کارپوریشن کی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ودت اولاک اور آروو تلوار کے نام سے ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ودت اولاک گلوکار ہنی سنگھ کے بھانجے اور پنجابی میوزک کمپنی اسپیڈ ریکارڈز کے مالک دنیش کے بیٹے تھے، جبکہ آروو تلوار ایک معروف مٹھائی کی دکان کے مالک کے بیٹے تھے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع رات تقریباً 3 بجے موصول ہوئی۔ اس وقت میونسپل کارپوریشن کے صفائی کے اہلکار فلائی اوور پر صفائی میں مصروف تھے اور کچرا جمع کرنے کے لیے ٹریکٹر ٹرالی سڑک پر کھڑی کی گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کار بی ایم سی چوک سے بی ایس ایف چوک کی جانب جا رہی تھی کہ اچانک سڑک پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔
پولیس کے مطابق حادثے سے قبل گاڑی میں پانچ افراد سوار تھے، جن میں سے ودت اولاک اور آروو تلوار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ دیگر تین افراد پہلے ہی اپنے گھروں کو واپس جا چکے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں نوجوانوں کے اہلِ خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا، جس کے بعد لاشیں ان کے حوالے کردی گئیں۔
واقعے کے بعد گلوکار یو یو ہنی سنگھ نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ یہ ان کے لیے ایک سیاہ دہائی ہے اور اپنے بھانجے کو کھونے کا صدمہ ان کے لیے تباہ کن ہے۔
