پاکستان کو جی 24 کی چیئرمین شپ مل گئی، شہباز شریف نے اہم سفارتی سنگِ میل قرار دے دیا
وزیرِ اعظم نے عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے مؤثر کردار کا اعتراف قرار دیتے ہوئے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وزارتِ خزانہ کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (G-24) کی چیئرمین شپ مل گئی ہے، جسے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عالمی اقتصادی منظرنامے پر پاکستان کے مؤثر کردار کا اعتراف اور ایک اہم سفارتی سنگِ میل قرار دیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کو چیئرمین شپ ملنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے مؤثر کردار اور آواز کو مزید تقویت دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جی 24 کی چیئرمین شپ پاکستان کو عالمی مالیاتی نظام میں ضروری اصلاحات کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزارتِ خزانہ کی پوری ٹیم کی محنت اور کاوشوں کو بھی سراہا۔
