بالی ووڈ فلمساز سنجے گپتا 57 سال کی عمر میں چل بسے، موت کی وجہ سامنے آگئی
فلمساز گھر میں اچانک گرنے سے سر پر چوٹ لگنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے، اہل خانہ کو واقعے کا علم اگلی صبح ہوا۔

بالی ووڈ کے معروف فلمساز سنجے گپتا 57 برس کی عمر میں اپنے گھر میں اچانک گرنے کے باعث انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے گپتا گزشتہ روز گھر میں ایک کمرے سے دوسرے کمرے کی جانب جا رہے تھے کہ اچانک زمین پر گر پڑے۔ واقعہ رات کے وقت پیش آیا، اس دوران ان کی اہلیہ اور بچے اپنے کمروں میں سو رہے تھے، جس کے باعث اہل خانہ کو حادثے کا فوری علم نہ ہوسکا۔
رپورٹس کے مطابق صبح اہل خانہ بیدار ہوئے تو انہیں واقعے کا پتا چلا، جس کے بعد وہ فلمساز کو فوری طور پر اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے بتایا کہ سنجے گپتا کی موت گرنے کے نتیجے میں سر پر چوٹ لگنے کے باعث ہوئی۔
واضح رہے کہ سنجے گپتا نے اداکار سنجے دت کی متعدد فلموں کی ہدایت کاری کی تھی۔ ان کی نمایاں فلموں میں 2002 میں ریلیز ہونے والی ’’کانٹے‘‘، 2004 کی ’’مسافر‘‘، 2006 کی ’’زندہ‘‘ اور 2007 کی ’’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا‘‘ شامل ہیں۔
