اداکارہ مدیحہ رضوی اپنے شوہر کو بچہ کیوں سمجھتی تھیں؟

حال ہی میں دوسری بار رشتہ ازدواج میں بندھنے والی اداکارہ مدیحہ رضوی نے اپنے شوہر کے ساتھ پہلا انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر ایک دوسرے کو بچپن سے جانتے ہیں اور دونوں کزن ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہیں کہ ان کے شوہر ان کے دوست ہیں یہ سب جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔
چند روز قبل مدیحہ رضوی کی دوسری شادی کی تصاویر سامنے آئی تھیں جب کہ اداکارہ کی جانب سے بھی ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی جو نکاح کی تھی۔اب حال ہی میں اداکارہ نے اپنے خاوند جنید علی کے ساتھ ایک ویب شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے شوہر سمیت شادی کی تفصیلات شیئر کیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ‘جنید کا تعلق آئی ٹی کے شعبے سے ہے اور وہ میرے فرسٹ کزن ہیں، ماموں کے بیٹے ہیں اور تین سال چھوٹے ہیں،وہ اور ان کے شوہر بچپن سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں، ایک ساتھ پلے اور بڑھے اور دونوں کے درمیان ہمیشہ دوستانہ تعلقات رہے ہیں۔ مدیحہ کے مطابق لوگ کہتے ہیں کہ ماموں کا بیٹا ہے تو پہلے کیوں شادی نہیں کی جس پر میں کہتی ہوں کہ چھوٹا تھا تو کبھی نہیں سوچا، میں اس کے ساتھ بچے کی طرح کا رویہ رکھتی تھی’۔
مدیحہ کے شوہر جنید علی نے بتایا کہ ‘جب مدیحہ کی طلاق ہوئی اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اس کا اعلان کیا تو لوگوں نے بہت سی منفی باتیں کرنا شروع کیں، مجھے معلوم تھا کہ مدیحہ کی دو بیٹیاں ہیں، میرے ذہن میں یہ خیال آیا تو میں نے سوچا کہ سامنے سے بات کروں لیکن ہمت نہیں ہوئی تو میں نے مدیحہ کو میسج کیا’۔انہوں نے بتایا کہ ‘جواب میں مدیحہ نے کہا تم ہمیشہ سے دوستی سے کچھ زیادہ چاہتے تھے نا؟، ان کا یہ جواب سن کر میں گھبرا گیا کہ اب کیا جواب دوں، انہیں خوف تھا کہ چونکہ میں شادی شدہ نہیں ہوں اس لیے یہ معاملات نہیں سمجھتا اور کچھ عرصے میں ہی بھاگ جاؤں گا’۔
جنید نے کہا کہ ‘مدیحہ کو منانے سے پہلے بچیوں کو منانا زیادہ ضروری تھا، ان سے میری اچھی دوستی ہے’۔مدیحہ رضوی نے کہا کہ ‘بچیوں کی رضامندی تھی اسی لیے میں نے یہ قدم اٹھایا ورنہ میں یہ فیصلہ کبھی نہ کرسکتی تھی’۔
مدیحہ رضوی نے بتایا کہ ان کی شادی کے بعد یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بہت سارے دعوے کیے گئے کہ ان کے درمیان دیرینہ تعلقات تھے لیکن حقیقت میں ایسا کچھ بھی نہیں تھا۔ان کے شوہر نے بتایا کہ وہ اپنی بیوی سے تین سال کم عمر ہیں اور انہیں ہی پہلے مدیحہ سے شادی کی خواہش ہوئی اور انہوں نے ہی اداکارہ کو شادی کی پیش کش کی۔مدیحہ رضوی کے مطابق پہلی شادی طلاق پر ختم ہونے کے بعد جیسے ہی انہیں جنید علی پرویز نے پیش کش کی تو وہ شادی کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوگئیں لیکن شروع میں انہیں یہ مشکل ضرور آئی کہ وہ خود سے چھوٹے مرد سے کیسے شادی کریں لیکن پھر انہوں نے خود کو تیار کیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے وقت ہی انہوں نے اور ان کے پہلے اور دوسرے شوہر نے فیصلہ کیا کہ ان سب کی پہلی اور اولین ترجیح اداکارہ کی بیٹیوں کی پرورش ہوگی اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ مدیحہ رضوی کی پہلی شادی 2014 میں اداکار حسن نعمان سے ہوئی تھی، ان کی پہلی شادی 8 سال ہی چل سکی اور جوڑے کی دو بیٹیاں بھی ہیں جب کہ نومبر 2022 میں مدیحہ رضوی نے اپنی پہلی شادی ختم ہونے کی تصدیق کی تھی۔مدیحہ رضوی نے گزشتہ ہفتے جنید علی پرویز سے شادی کی تھی، انہوں نے طلاق کے ڈیڑھ سال بعد شادی کی تھی۔
