اداکار آغا علی کیلئے 2018 مشکل ترین سال کیوں ثابت ہوا؟

معروف اداکار آغا علی نے 2018 کو اپنے لیے مشکل ترین سال قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس دوران انھوں نے اپنا سب کچھ کھو دیا تھا، میں نے اس حوالے سے پہلے کبھی بات نہیں کی۔اداکار آغا علی نے حال ہی میں نادیہ خان اور اعجاز اسلم کی رمضان ٹرانسمیشن میں اداکارہ امر خان کے ہمراہ شرکت کی، پروگرام کے دوران اعجاز اسلم نے سوال پوچھا کہ ایسا کوئی واقعہ بتائیں جس نے آپ کی زندگی مکمل طور پر تبدیل کر دی ہو، جس پر آغا علی نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں آج ایسی جگہ کھڑا ہوں جہاں اپنے آپ کو محفوظ تصور کرتا ہوں اور یہ بات بتا سکتا ہوں کہ 2018 میرے لیے مشکل ترین سال تھا۔اداکار نے کہا کہ 2018 میں، انہوں نے انویسٹمنٹ کی، بینک اکاؤنٹ سے 80 سے 90 فیصد انویسٹ کر دیئے، اسی سال وہ ایک خاتون کے ساتھ تعلقات میں بھی رہے، 2018 ایسا سال تھا جس نے ان سے یہ سب کچھ چھین لیا، اس سال انڈسٹری میں میرا کردار کو خراب کیا گیا،99 فیصد لوگ میرے بارے میں منفی باتیں کرتے تھے، سوشل میڈیا پر اپنے آپ کو صرف ویلن کے طور پر دیکھ سکتا تھا، میرا وزن بہت زیادہ بڑھ گیا تھا، خود پر دھیان رکھنا چھوڑ دیا تھا اور اسی سال میں نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔آغا علی نے بتایا کہ عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وہ نہ صرف اللہ کے قریب ہوگئے بلکہ 2018 کے تجربے نے ان کی زندگی کو دیکھنے کی سوچ کو تبدیل کر کے رکھ دیا، عمرے کے دوران انہوں نے اللہ سے رو کر دعا مانگی تھی، جس کے بعد انہوں نے زندگی بسر کرنے کا طریقہ تبدیل کردیا، آپ اگر 2018 کی تصویر کا موازنہ آج سے کریں تو سمجھ جائیں گے کہ میں کیا کہنا چاہ رہا ہوں، انہوں نے بتایا کہ 2018 کے دوران اس وقت ان کے حالات بہت بُرے تھے، انہیں ایسا لگتا تھا کہ جس کام میں وہ ہاتھ ڈالیں گے وہاں صرف تباہی ہے، ہر کام خراب ہو رہا تھا، عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد اللہ نے خود ہی راستے کھولنا شروع کر دیئے، یاد رہے کہ آغا علی نے یہاں ایک خاتون سے تعلقات کا بھی ذکر کیا ہے، اس سے متعلق یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2018 میں آغا علی اداکارہ سارہ خان کے ساتھ تعلقات میں رہے تھے، یہ بھی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ دونوں بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے مگر بعد میں تعلق ختم ہوگیا اور 2019 میں انہوں نے ایک پروگرام کے دوران تعلق ختم ہونے کی تصدیق کی تھی۔
