پاکستانی اداکارائیں عالیہ بھٹ، دپیکا پڈوکون کیوں بننا چاہتی ہیں؟

پاکستانی فلم انڈسٹری میں بالی ووڈ کا سایہ ہمیشہ سے ہی غالب رہا ہے، پاکستانی اداکارائیں بھی بھارتی سٹارز کے سحر میں مبتلا ہیں، معروف ڈیزائنر نومی انصاری کے مطابق پاکستانی اداکارائیں ان سے ہمیشہ یہی درخواست کرتی ہیں کہ انہیں دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ بنا دیں۔معروف فیشن کلاتھنگ ڈیزائنر نومی انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے پاس بہت سارے لوگ عجیب فرمائشیں لے کر آتے ہیں اور ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں عالیہ بھٹ اور دپیکا پڈوکون بنایا جائے۔ نومی انصاری نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔معروف ڈیزائنر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایک سلائی مشین سے کام شروع کیا تھا اور اب انہیں فیشن کلاتھنگ میں کام کرتے ہوئے 24 سال ہو چکے ہیں، آغاز میں وہ خود ہی کپڑوں کی سلائی کرنے سمیت ان پر کڑھائی کا کام بھی کرتے تھے جبکہ اس وقت وہ بیک وقت تین تین ملازمتیں بھی کرتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ان کا اصل نام محمد نعمان محی الدین ہے لیکن شروع سے ہی لوگ انہیں نومی بلاتے تھے، اس لیے ان کا نام نومی انصاری پڑ گیا، پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس آنے والے لوگ عجیب عجیب فرمائشیں کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ انہیں عالیہ بھٹ اور دپیکا پڈوکون بنایا جائے، کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ پاکستانی شخصیات عالیہ بھٹ اور دپیکا پڈوکون نہیں بن سکتیں، ہر کسی کی اپنی الگ الگ زندگی ہوتی ہے، ان کے مداح الگ اور یہاں کے لوگوں کے مداح الگ ہیں، نومی انصاری نے واضح نہیں کیا کہ ان سے کن شخصیات نے عالیہ بھٹ اور دپیکا پڈوکون بننے کی فرمائش کی۔واضح رہے کہ فیشن ڈیزائنر نومی انصاری انسٹاگرام پر اپنی آخری وصیت کے حوالے سے بھی کافی وائرل ہوئے تھے جب انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ اگر کسی صبح میری آنکھ نہ کھلے، اگر میں اس دنیا میں نہ رہوں تو نہیں چاہتا کہ لوگ میرے لیے لمبے پیراگراف لکھیں جب کہ میں انہیں نہیں پڑھ سکوں گا، نومی انصاری نے لکھا کہ میں چاہوں گا آپ میرے لیے اللہ سے دعا کریں کہ میں قبر کے عذاب سے نجات پاؤں اور میری بخشش ہوجائے، میری موت کے بعد اِن باتوں کو اپنے ذہن میں لازمی رکھیے گا۔نومی انصاری نے کہا کہ ہر کوئی میری تصاویر اپنے پاس سے ڈیلیٹ کر دینا، میری تصاویر یا چیٹ کسی کے ساتھ کہیں بھی شیئر مت کیجئے گا، سماجی رابطے پر میرے اکاؤنٹس کو رپورٹ کر کے بلاک کردیجئے گا، میرے جنازے کی تصاویر مت لیجئے گا، کبھی میں نے جان بوجھ کر یا انجانے میں کسی کا دل دکھایا ہو تو مجھے معاف کر دینا، میری روح کے ایصالِ ثواب کیلئے دعا کیجئے گا، جب بھی میرا خیال آپ کے ذہن میں آئے تو میرے نام پر کچھ صدقہ دیجئے گا۔

Back to top button