ٹی وی اینکر ربیعہ کے بھائی کا مرڈر کیس واپس لینے کا فیصلہ

راولپنڈی میں اپنے شوہر کے ہاتھوں گولی چلنے سے جاں بحق ہونے والی ٹیلی ویژن اینکر ربیعہ احسن کے قتل کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتولہ کے بھائی اور مقدمے کے مدعی نے مرکزی ملزم کے خلاف درج قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مقتولہ کے بھائی خرم احمد کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ، بہن اور وہ خود اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ربیعہ احسن کی موت قتل نہیں بلکہ ایک حادثے کا نتیجہ تھی، جبکہ دوسری جانب پولیس نے گرفتار شوہر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔

خرم احمد نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ، ان کی والدہ اور بہن اس بات پر متفق ہیں کہ ربیعہ احسن کی موت اتفاقیہ پستول سے گولی چلنے کے باعث ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وقوعے کے وقت وہ خود بہن کے گھر میں موجود نہیں تھے، تاہم ان کی والدہ، بہن اور گھریلو ملازم وہاں موجود تھے اور ان سب کے بیانات سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک قتل نہیں بلکہ حادثہ تھا۔

مقتولہ کے بھائی کے مطابق ملزم احسن نے انہیں بتایا کہ وہ الماری سے کپڑے نکال رہے تھے کہ اسی دوران وہاں رکھا ہوا پستول ان کے ہاتھ میں آگیا اور اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ کی گردن کے قریب لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ خرم احمد کا کہنا تھا کہ اطلاع ملنے پر جب وہ گھر پہنچے تو ان کی والدہ اور بہن نے بتایا کہ واقعے سے قبل دونوں میاں بیوی ایک کمرے میں گئے تھے، جبکہ اس سے پہلے وہ صحن میں گھر کے دیگر افراد کے ساتھ موجود تھے اور بظاہر ان کے درمیان کوئی تلخ کلامی یا جھگڑا نہیں ہوا تھا۔ خرم احمد نے اپنے بہنوئی احسن کے بارے میں کہا کہ وہ انہیں بہت اچھی طرح جانتے ہیں، وہ ایک شریف آدمی ہیں، جو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد انہیں بتایا تھا کہ وہ کسی بھی وقت مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کر سکتے ہیں، جس کے بعد خاندان نے اس حوالے سے فیصلہ کیا۔

دوسری جانب پولیس نے ربیعہ احسن کے شوہر کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے متعلقہ عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ پولیس نے انہیں واقعے کے فوراً بعد حراست میں لے لیا تھا جبکہ گھر کے ایک کمرے سے 30 بور کا پستول بھی برآمد کیا گیا تھا، جس کے بارے میں ابتدائی معلومات کے مطابق وہ بظاہر بغیر لائسنس تھا۔

یاد رہے کہ 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں واقع گھر سے 41 سالہ ربیعہ احسن کی لاش برآمد ہوئی تھی، جنہیں گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی۔ ان کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں شوہر کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق مدعی کو فون پر اطلاع دی گئی تھی کہ ان کی بہن کو شوہر نے گولی مار دی ہے، جس پر وہ گھر پہنچے تو ربیعہ خون میں لت پت مردہ حالت میں پڑی تھیں۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق موسم کی تبدیلی کے باعث گھر میں گرمیوں کے کپڑے الماری میں رکھنے اور سردیوں کے کپڑے نکالنے کا کام جاری تھا کہ اسی دوران کپڑوں میں رکھا ہوا پستول سامنے آیا۔ گھر کے ملازم نے بھی اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ شوہر کے ہاتھ میں پستول تھا کہ اسی دوران گولی چل گئی۔ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ دوران تفتیش ملزم نے پولیس کو بتایا کہ پستول سے گولی حادثاتی طور پر چلی تھی۔

تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے اہل خانہ کی جانب سے میاں بیوی کے درمیان کسی گھریلو تنازع یا ناچاقی کی نشاندہی نہ کیے جانے کے باوجود واقعے کی تحقیقات قتل کے مقدمے کے تناظر میں جاری رکھی جائیں گی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ احسن کو سامنے کی جانب گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی، جو ان کی موت کا سبب بنی، جبکہ جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے فرانزک شواہد اور نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں اور حتمی نتیجہ فرانزک، پوسٹ مارٹم اور دیگر تفتیشی شواہد کی روشنی میں مرتب کیا جائے گا۔

یاد ریے کہ ربیعہ احسن نجی ٹی وی چینل 92 سے وابستہ تھیں اور صحافی عامر متین کے ساتھ پروگرام ’مقابل‘ کی میزبانی کرتی تھیں۔ وہ دو بیٹیوں کی والدہ تھیں اور ان کی شادی کو تقریباً 14 برس ہو چکے تھے۔ ان کی نماز جنازہ جامع مسجد گلشن آباد میں ادا کی گئی، جبکہ صحافتی حلقوں نے ان کی اچانک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

Back to top button