ریلوے نے پہلی بار 100 ارب روپے آمدن کا ہدف عبور کرلیا : وزیر ریلوے حنیف عباسی

پاکستان ریلوے نے آمدن کے حوالے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح حاصل کرلی، پہلی مرتبہ 100 ارب روپے کا ہدف عبور کرلیا گیا۔وزیر ریلوے حنیف عباسی نے آمدن مزید بڑھانے،ٹرینوں کی اپ گریڈیشن اور برانچ روٹس کی بحالی کے منصوبوں کا بھی اعلان کردیا۔
راولپنڈی میں عوام ایکسپریس کی نئی بوگیوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ عوام ایکسپریس کی حالت ایسی تھی کہ اسے دیکھنے کو دل نہیں چاہتا تھا، تاہم اب اس کی بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مزید ٹرینوں کو بھی اپ گریڈ کیا جائےگا۔قراقرم اور ملت ایکسپریس میں بھی مسائل سامنے آئے تھے جنہیں درست کردیا گیا۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہاکہ دیگر شعبوں کی طرح پاکستان ریلوے کو بھی نجکاری کی جانب لےجایا جارہا ہے، جب کہ ریلوے ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ ہے۔اس کے باوجود ریلوے ملازمین کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائےگی۔آج ریلوے ملازمین کے بچے بھی معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہاکہ پاکستان ریلوے نے تاریخ میں پہلی مرتبہ 100 ارب روپے کی آمدن کا ہدف عبور کیا ہے، جب کہ اب اگلا ہدف 160 ارب روپے مقرر کیاگیا ہے۔ ریلوے نے صوبوں کی مشاورت سے مختلف منصوبوں کا آغاز بھی کردیا ہے۔
ان کاکہنا تھاکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے برانچ روٹس پر ٹرینیں بحال کرنے کے حوالے سے سوال کیاتو انہیں بتایاکہ رواں سال چار جب کہ آئندہ مالی سال میں مزید چار ٹرینیں فعال کردی جائیں گی۔پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ساتھ معاہدے ہوچکے ہیں، جب کہ سندھ بھی برانچ روٹس فعال کرنا چاہے تو اس کےلیے سہولت موجود ہے۔
