خیبرپختونخوا: 9 مئی کے 275 مقدمات دوبارہ کھل گئے،کون کون گرفت میں آئے گا؟

صوبائی انتظامیہ نےسانحہ 9 مئی کے خیبرپختونخوا میں بند کئے گئے 275 کیسز دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے بعد متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد سیاسی و انتظامی سطح پر کارروائیوں کا دائرہ وسیع ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سانحہ 9 مئی کے 275 مقدمات بحال کرنے کی منظوری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے متعدد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت اہم سیاسی شخصیات کی گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب صوبے کی مختلف جیلوں میں بیرکیں خالی کرنے اور ممکنہ زیرحراست افراد کو دوسری جیلوں میں منتقل کرنے کی اطلاعات نے سیاسی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
روزنامہ امت کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پشاور، مردان اور صوبے کے دیگر اضلاع میں سانحہ 9 مئی سے متعلق 275 سے زائد مقدمات ختم کر دیے گئے تھے، جنہیں اب دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان مقدمات میں ریاستی اداروں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات شامل ہیں۔ اس معاملے پر محکمہ قانون سے تجاویز بھی طلب کر لی گئی ہیں، جبکہ پشاور پولیس نے 9 مئی کے علاوہ دیگر اہم مقدمات کی بھی ازسرنو جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بحال کیے جانے والے مقدمات میں قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کے نام بھی شامل ہیں، جس کے باعث ممکنہ گرفتاریوں کا معاملہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ممکنہ گرفتاریوں کے پیش نظر پشاور سینٹرل جیل سمیت صوبے کی مختلف جیلوں میں بیرکیں خالی کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ پشاور جیل سے مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان اور سزا یافتہ قیدیوں کو دوسری جیلوں میں منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق سیاسی شخصیات، سرکاری افسران اور ملازمین کی ممکنہ گرفتاریوں کے بعد انہیں پشاور، مردان، ہری پور اور ڈیرہ اسماعیل خان کی جیلوں میں رکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب صوبائی محکموں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیاسی شخصیات کے قریبی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے، جبکہ مختلف سرکاری محکموں اور منصوبوں کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔ تحقیقات کے سلسلے میں بعض سرکاری افسران اور ملازمین کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کیے جانے کی اطلاعات بھی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات اب صرف متعلقہ افسران تک محدود نہیں رہیں بلکہ بعض سیاسی شخصیات کے خاندانوں اور قریبی افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سرکاری گاڑیوں کے مبینہ غیرقانونی استعمال کا معاملہ بھی تحقیقات کا حصہ بن گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بعض خواتین کالجوں کی پرنسپلز، طبی شعبے سے وابستہ ڈاکٹروں، غیر عملی ملازمین اور افسران کے علاوہ بعض سیاسی شخصیات کے بچوں اور اہلیہ کو بھی سرکاری گاڑیاں فراہم کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ بعض گاڑیاں تاجروں کے استعمال میں ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، جنہیں نوٹس جاری کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ تمام سرکاری محکموں سے گاڑیوں کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں تاکہ ان کے استعمال اور موجودہ مقام کا تعین کیا جا سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابقہ صوبائی حکومت کے دور میں 750 سے زائد سرکاری گاڑیاں مختلف سرکاری اور سیاسی شخصیات کے زیر استعمال تھیں، جنہیں گورنر راج کے نفاذ کے بعد واپس لینے کی ہدایت کی گئی۔ حکام کے مطابق گاڑیوں کی واپسی سے پیٹرولیم اخراجات کی مد میں تقریباً 50 لاکھ روپے سے زائد کی بچت متوقع ہے۔ سابق وزرا، مشیروں، معاونین خصوصی اور پارٹی کے اہم رہنماؤں کو سرکاری گاڑیاں فراہم کیے جانے کے معاملات بھی زیر تحقیق ہیں۔
سیاسی و انتظامی مبصرین کے مطابق ان کارروائیوں کے دو اہم پہلو ہیں: ایک طرف 9 مئی کے مقدمات کی بحالی اور ممکنہ گرفتاریوں کا معاملہ ہے، تو دوسری طرف سابق صوبائی حکومت کے دور میں سرکاری وسائل کے استعمال اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم ان تمام معاملات میں شفاف تحقیقات، قانونی تقاضوں کی پابندی اور متعلقہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دینا ضروری ہوگا، تاکہ سیاسی کارروائیوں اور حقیقی احتساب کے درمیان فرق واضح رہے۔
