ضمنی انتخابات این اے 77 اور پی پی 203، مسلم لیگ ن کامیاب

مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالا اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی کے ضمنی انتخابات میں کامیاب حاصل کرلی۔
گوجرانوالا کے حلقہ این اے 77 کے تمام 333 پولنگ سٹیشنز کے مکمل غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کےمطابق مسلم ليگ ن کے راشد بشیر ورک 43365 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے۔
مرکزی مسلم لیگ کے محمد ابراہیم 30218 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
اس نشست پر پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا جب کہ پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کر رکھا تھا۔
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال 6 کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے میدان مارلیا۔غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے محمد اسد حنیف 42114 ووٹ لےکر کامیاب قرارپائے،تحریک احساس پاکستان کے محمد اویس محمود 24512 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
یاد رہےکہ این اے 77 مسلم لیگ ن کے محمود بشیر ورک اور پی پی 203 مسلم لیگ ن کے حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ گوجرانوالا کے ضمنی انتخاب میں مرکزی مسلم لیگ کے لوگ سرعام مہریں لگاتےپکڑے گئے۔
ان کاکہنا تھاکہ مرکزی مسلم لیگ کے لوگ الیکشن کمیشن کے عملے کے سامنے مہریں لگاتے رہے، عظمیٰ بخاری نے ایک ویڈیو بھی جاری کردی اور کہا کہ ویڈیو میں مرکزی مسلم لیگ کے پولنگ ایجنٹ نظر آرہے ہیں،قاضی ابراہیم گجر کے لوگ سرعام مہریں لگاتے رہے۔
