علامہ اقبال کی اپنی جرمن محبوبہ سے ناکام محبت کی داستان

مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اپنے حسن پرستانہ مزاج کی وجہ سے کئی مرتبہ ملکی اور غیر ملکی خواتین کے عشق میں مبتلا ہوئے۔ لیکن انہیں سب سے سنجیدہ عشق ایک جرمن خاتون ایما سے ہوا جس سے وہ شادی بھی کرنا چاہتے تھے لیکن ایسا ہو نہ پایا۔
اقبال اپنے انگلستان قیام کے دوران جہاں عطیہ فیضی کی صحبت سے فیضیاب ہوئے، وہیں جرمنی میں قیام کے دوران اپنی جرمن زبان کی ٹیوٹر ایما کے حسن وجمال اور ذہانت پر فریفتہ ہوگئے لیکن دونوں اپنے بڑے بھائیوں کی وجہ سے ایک نہ ہوسکے جنہوں نے ولن کا کردار ادا کیا۔
اگرچہ نیلی آنکھوں والی جرمن حسینہ ایما سے اقبال کے تعلق کی بیل منڈھے نہیں چڑھ سکی، تاہم ایما ویگے ناسٹ نے اقبال کی ‘میوز’ بن کر ان کی شاعری میں وہ کسک اور دردمندی پیدا کر دی جس سے ان کی شاعری عبارت ہے۔ ان کے کلام میں کئی نظمیں ایسی ہیں جو اس دور کی یادگار ہیں۔’حسن و عشق،’ ‘۔۔۔ کی گود میں بلی دیکھ کر،’ ‘چاند اور تارے،’ ‘کلی،’ ‘وصال،’ ‘سلیمیٰ،’ عاشقِ ہرجائی،’ ‘جلوۂ حسن،’ ‘اخترِ صبح،’ ‘تنہائی’ اور دیگر کئی نظمیں شامل ہیں جن پر ایما سے تعلق کی گہری چھاپ نظر آتی ہے۔ اقبال اور ایما کا ملاپ نہیں ہو سکا، لیکن اردو دنیا کو پھر بھی ایما کا شکرگزار ہونا چاہیے کہ ان کی بدولت اردو کو چند لازوال رومانوی نظمیں مل گئیں۔ ایما کے نام لکھے گئے خطوط سے اقبال کے اس روایتی تصور سے بالکل مختلف تصویر ہمارے سامنے آتی ہے جونصابی کتب اور یومِ اقبال پر کی گئی تقاریر میں ابھارا جاتا ہے۔ ان خطوط میں اقبال حکیم الامت اور مفکرِ پاکستان کم اور جذبات سے مغلوب نوجوان زیادہ نظر آتے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ ایما سے اقبال کی ملاقات دریائے نیکر کے کنارے واقع سرسبز و شاداب مناظر سے مالامال قصبے ہائیڈل برگ میں ہوئی تھی۔ ایک تو ماحول رومان پرور، اوپر سے اقبال بھرپور جوانی کے عالم میں اور پھر حسین و جمیل ایما۔ اقبال کی نظم ایک شام دریائے نیکر، ہائیڈل برگ، کے کنارے پر سے ان کے جذبات کا اندازہ ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ اقبال اس وقت نہ صرف شادی شدہ تھے بلکہ دو بچوں کے باپ بھی بن چکے تھے، یہ الگ بات کہ 18 برس کی عمر میں والدین کی پسند سے کریم بی بی سے ہونے والی اس شادی سے وہ سخت ناخوش تھے۔ ایک خط میں انھوں نے لکھا کہ میں اپنے والد صاحب کوبتا چکا ہوں کہ انھیں میری شادی طے کرنے کا کوئی حق نہیں تھا۔ میں کریم بی بی کی کفالت کے لیے تیار ہوں لیکن اس کو ساتھ رکھ کر اپنی زندگی کو عذاب نہیں بنا سکتا۔
تعلیم کی غرض سے ہندوستان سے برطانیہ پہنچ کر مشرق کی پراسرایت سے معمور اور غیر معمولی حد تک ذہین و فطین اقبال نے خواتین کی توجہ مقناطیس کی طرح اپنی طرف کھینچ لی۔ اقبال کا کلام شمالی ہندوستان کے گوشے گوشے میں معروف ہو چکا تھا اوراس شہرت کے کچھ کچھ چرچے انگلستان بھی پہنچ چکے تھے۔ان سے متاثر ہونے والی انھی خواتین میں سے ایک روشن خیال اور نڈر خاتون عطیہ فیضی تھیں۔ اگرچہ بعض لوگوں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ شاید اقبال عطیہ کی محبت میں گرفتار ہو گئے تھے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کی عطیہ سے دوستی فکری سطح پر تھی اور اقبال ان سے فلسفیانہ مباحث کیا کرتے تھے۔ عطیہ کے نام لکھے گئے خطوط کا اگر جرمن حسینہ ایما کے نام خطوط سے موازنہ کیا جائے تو فرق رات اور دن کی طرح واضح ہوجاتا ہے۔
29 برس کی عمر میں اقبال برطانیہ سے بی اے کرنے کے بعد میونخ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کی غرض سے 1907 کے موسمِ بہار میں جرمنی پہنچے تھے جہاں ان کی ملاقات ایما سے ہوئی۔ ایما 26 اگست 1879 کو دریائے نیکر کے کنارے واقع قصبے ہائلبرون میں ایک بزنس مین کے گھر پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی تین بہنیں اور دو بھائی تھے۔نیلی آنکھوں اور کالے بالوں والی 27 سالہ ایما اقبال سے عمر میں دو برس چھوٹی لیکن قد میں ایک انچ لمبی تھیں۔ ان کی صرف ایک تصویر ہی دستیاب ہے۔ایما کی مادری زبان جرمن تھی، لیکن وہ یونانی اور فرانسیسی سے بھی خوب واقف تھیں۔ اس کے علاوہ انہیں فلسفے اور شاعری سے بھی خاص شغف تھا اور یہی ان کے اور اقبال کے درمیان وجۂ اشتراک بھی ہے۔ اقبال کے خطوط سے پتہ چلتا ہے کہ انھوں نے ایما کے ساتھ مل کر مشہور جرمن شاعر گوئٹے کو بھی سبقاً سبقاً پڑھا تھا۔ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد ایما نے مقامی بورڈنگ ہاؤس میں ملازمت اختیار کرلی جہاں وہ بین الاقوامی طلبہ کو جرمن زبان سکھاتی تھیں اور اس کے بدلے میں انھیں مفت طعام و قیام فراہم کیا جاتا تھا۔ ایما سے ملنے کے بعد عورتوں کے حوالے سے اقبال کے خیالات میں واضح تبدیلی آئی۔ ایک خط میں وہ لکھتے ہیں کہ انگریز عورت میں وہ نسائیت اور بےساختگی نہیں جو جرمن عورت میں ہے۔ جرمن عورت ایشیائی عورت سے ملتی ہے۔ اس میں محبت کی گرمی ہے۔ انگریز عورت میں یہ گرمی نہیں۔ انگریز عورت گھریلو زندگی اوراس کی بندشوں کی اس طرح شیدا نہیں جس طرح جرمن عورت ہے۔
لندن میں اقبال کی دوست بننے والی عطیہ فیضی نے اپنی کتاب میں لکھا کہ جرمنی میں قیام کے دوران یہاں جرمن زبان سیکھنے کے علاوہ رقص، موسیقی، کشتی رانی اور ہائیکنگ کے درس بھی لے رہے تھے۔ اپنی تصنیف میں عطیہ نے ایک دلچسپ واقعے کا ذکر بھی کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاملہ یک طرفہ نہیں تھا بلکہ ایما بھی اقبال سے بےحد متاثر تھیں۔ ایک بار ایما اوپیرا گا رہی تھیں تو اقبال نے ساتھ گانے کی کوشش کی لیکن چوک گئے اور سخت شرمسار ہوئے۔ شاید ایما کو بھی اس کا احساس ہوا اور اسی رات انھوں نے عطیہ سے درخواست کی کہ وہ انھیں کوئی ہندوستانی گیت سکھا دیں۔ اگلے دن جب سبھی دریائے نیکر کے کنارے پکنک کے لیے نکلے تو اچانک ایما نے اردو زبان میں گانا گجرا بیچن والی نادان،،، مترنم گانا شروع کر دیا۔ جرمن حسینہ ایما کی زبان سے یہ گیت سن کر اقبال پر جو اثر ہوا ہو گا، اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔ عطیہ کے مطابق ایک دن ایما دوسری لڑکیوں کے ساتھ مل کر ورزش کر رہی تھیں اور اقبال ٹکٹکی باندھ کر انھیں تکے جا رہے تھے۔ عطیہ نے ٹوکا تو وہ کہنے لگے،میں فلکیات دان بن گیا ہوں، ستاروں کے جھرمٹ کا مشاہدہ کر رہا ہوں۔
بعض ماہرینِ اقبالیات کے مطابق معاملہ صرف زبانی کلامی نہیں رہا تھا اور اقبال ایما سے شادی کرنا چاہتے تھے۔ خود ایما کے کزن کی بیٹی ہیلاکرش ہوف نے سعید اختر درانی کو بتایا تھا کہ ایما 1908 کے لگ بھگ ہندوستان جانا چاہتی تھیں لیکن ان کے بڑے بھائی اور خاندان کے سربراہ کارل نے انھیں اس دور دراز ملک میں تنہا جانے سے منع کر دیا تھا۔ دوسری طرف اقبال ہندوستان لوٹنے کے بعد بڑی شدت سے یورپ واپس جانا چاہتے تھے، جس کا اظہار انھوں نے نہ صرف کئی بار ایما سے بھی کیا بلکہ عطیہ کو لکھے گئے خطوط میں بھی اس کا عندیہ ملتا ہے لیکن جس طرح ایما کے بڑے بھائی ان کے ہندوستان جانے کی راہ میں آڑے آ گئے، تقدیر کی ایک عجیب ستم ظریفی کی رو سے بالکل اسی طرح اقبال کے بڑے بھائی ان کے واپس ولایت جانے میں رکاوٹ بن گئے۔ نو اپریل 1909 کو وہ لکھتے ہیں: ‘میں کوئی ملازمت کرنا ہی نہیں چاہتا، میرا منشا تو یہ ہے کہ جتنا جلد ممکن ہو، اس ملک سے بھاگ جاؤں۔ سبب آپ کو معلوم ہے۔ میرے اوپر اپنے بڑے بھائی کا اخلاقی قرض ہے جو مجھے روکے ہوئے ہے۔ اخلاقی قرض یہ تھا کہ اقبال کی تعلیم کے اخراجات ان کے بھائی نے ادا کیے تھے، اور وہ یورپ سے آنے کے بعد انھیں یہ رقم لوٹانا چاہتے تھے۔وہ ایما کو لکھتے ہیں: ‘کچھ عرصے بعد جب میرے پاس پیسے جمع ہو جائیں گے تو میں یورپ کو اپنا گھر بناؤں گا، یہ میرا تصور ہے اور میری تمنا ہے کہ یہ سب پورا ہو گا۔’
تاہم یہ تصور، یہ تمنا ناکام حسرت بن گئی۔ اقبال کی زندگی کا یہ حصہ سخت مالی مشکلات سے نمٹتے ہوئے گزرا۔اس تمام عرصے کے دوران ایما کی یاد ان کے دل سے کبھی محو نہ ہو سکی، وہ اکثر کہتے تھے کہ میں جسمانی طور پر ہندوستان میں آگیا ہوں لیکن میرا دل جرمنی میں رہ گیا ہے۔ اقبال نے ایما ویگے ناسٹ کو کل ستائیس خطوط ارسال کیے تھے جن میں سے اکثر جرمن زبان میں تھے۔ ایک خط میں اقبال بڑی حسرت سے لکھتے ہیں: ‘مجھے وہ زمانہ یاد ہے جب میں آپ کے ساتھ مل کر گوئٹے کا کلام پڑھا کرتا تھا۔ اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ کو بھی وہ خوشیوں بھرے دن یاد ہوں گے جب ہم ایک دوسرے کے اس قدر قریب تھے۔ میں زیادہ لکھ یا کہہ نہیں سکتا، آپ تصور کر سکتی ہیں کہ میری روح میں کیا ہے۔ میری بہت بڑی خواہش ہے کہ میں دوبارہ آپ سے مل سکوں۔’
ایک اور خط میں لکھا:
میں بےتابی سے اس وقت کا منتظر ہوں جب میں دوبارہ آپ سے آپ کے وطن میں مل سکوں گا۔ میں یہاں بالکل اکیلا رہتا ہوں اور خود کو بڑا غمگین پاتا ہوں۔ ہماری تقدیر ہمارے اپنے ہاتھوں میں نہیں ہے
ایما سے ملاقات کے 24 برس بعد 1931 میں گول میز کانفرنس کے لیے جب اقبال لندن گئے تو اس وقت بھی انھوں نے جرمنی جا کر ایما سے ملنے کی کوشش کی تھی۔ لیکن اس وقت تک پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ چکا تھا، اقبال نے دو مزید شادیاں کر لی تھیں اور ان کے بچے جوان ہو گئے تھے، ملاقات نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب ایما نے بھی اپنے دل میں اقبال کے سوا کسی کو جگہ نہ دی۔ ایما نے عمر بھر شادی نہ کی اور 1947 کو ریٹائرڈ ہونے کے بعد گھر کی ہو کر رہ گئیں۔ اقبال نے 21 اپریل 1938 کو وفات پائی جبکہ ایما مزید 26 سال زندہ رہیں اور پھر 85 برس کی عمر میں 1964 کو وفات پا گئیں۔
