جیل میں قید صنم جاوید نے شوہر سے خلع کیوں مانگ لی؟

لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کی جانب سے شوہر سے خلع لینے کی درخواست دائر ہونے کے بعد یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا ان کی سیاسی زندگی نے ان کی ازدواجی زندگی کا چراغ گل کیا ہے؟ سوال یہ بھی یے کہ کیا 9 مئی 2023 کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے بعد بار بار کی گرفتاری، طویل قید اور سیاسی کیسز میں الجھے رہنے کے باعث صنم جاوید کے شوہر کے ساتھ تعلقات متاثر ہوئے اور بالآخر انہیں اپنا 17 سالہ ازدواجی رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا؟

بظاہر صنم جاوید نے خلع کی درخواست میں شوہر کیساتھ ذہنی ہم آہنگی کے فقدان اور باہمی اختلافات کو علیحدگی کی وجہ قرار دیا ہے، تاہم ان کے وکیل نے اس معاملے کو ذاتی اور خاندانی قرار دیتے ہوئے قیاس آرائیوں سے گریز کی اپیل کی ہے۔ صنم جاوید نے اپنی وکیل بیرسٹر خدیجہ صدیقی کے ذریعے لاہور کی فیملی کورٹ میں شوہر عتیق ریاض سے خلع کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دونوں کے درمیان اب ذہنی ہم آہنگی نہیں رہی، جس کے باعث ازدواجی زندگی میں متعدد مسائل پیدا ہوئے اور اب وہ شوہر کے ساتھ مزید زندگی گزارنے کے قابل نہیں رہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کے دل میں شوہر کے لیے شدید نفرت پیدا ہو چکی ہے اور وہ اس رشتے کو برقرار رکھتے ہوئے شرعی حدود کے اندر زندگی نہیں گزار سکتیں۔ عدالت نے صنم کے شوہر عتیق ریاض کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 نومبر 2026 کو جواب طلب کرلیا ہے۔

یاد ریے کہ صنم جاوید کی شادی 22 ستمبر 2009 کو عتیق ریاض سے ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔ صنم کے والد کا نام جاوید اقبال ہے جو ماضی میں پیپلزپارٹی کے ساتھ وابستہ تھے۔ صنم جاوید 9 مئی 2023ء سے پہلے ہی تحریک انصاف کی سرگرم کارکن اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کے طور پر پہچانی جاتی تھیں۔ ان کی سیاسی شناخت خصوصاً تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہروں اور سوشل میڈیا پر پارٹی کے مؤقف کی حمایت کے حوالے سے نمایاں ہوئی۔
9 مئی 2023ء کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے بعد صنم کا شمار تحریک انصاف کی ان خواتین رہنماؤں میں ہونے لگا جنہیں مقدمات اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور میں جناح ہاؤس اور دیگر مقامات پر حملوں اور توڑ پھوڑ سے متعلق مقدمات میں ان کا نام سامنے آیا تھا۔ انکی گرفتاریوں اور رہائیوں کا سلسلہ طویل عرصے تک جاری رہا اور جولائی 2024ء میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر رہائی سے قبل وہ تقریباً 14 ماہ جیل میں گزار چکی تھیں۔ تاہم رہائی کے بعد بھی انہیں مختلف کیسز میں دوبارہ گرفتاریوں اور عدالتی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ صنم جاوید کے خلاف لاہور کے شادمان پولیس سٹیشن پر حملے اور آتش زنی کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 11 اگست 2025ء کو پانچ سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ وہ اس وقت لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں اور اپنی سزا کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کر رہی ہیں۔ مئی 2026 میں لاہور ہائی کورٹ میں ان کی سزا معطل کرنے اور رہائی کی درخواست پر کارروائی ہوئی تھی۔ اس دوران ان کی صحت خراب ہونے پر انہیں جیل سے ہسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا۔

صنم جاوید کی خلع کی درخواست کے بعد ان کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے یہ پہلو بھی زیر بحث ہے کہ آیا ان کی مسلسل سیاسی سرگرمیوں اور گرفتاریوں نے ان کے شوہر کے ساتھ تعلقات پر اثر ڈالا۔ اپریل 2025ء میں صنم جاوید اور ان کے شوہر عتیق ریاض کو کوٹ لکھپت جیل کے قریب سے گرفتار کرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔ اس تناظر میں یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ کیا سیاسی مقدمات، جیل میں طویل قیام اور خاندانی زندگی سے دوری نے میاں بیوی کے درمیان فاصلے بڑھائے؟ تاہم اب تک نہ صنم جاوید نے اپنی درخواست میں گرفتاریوں کو اختلافات کی وجہ قرار دیا ہے اور نہ ہی ان کے شوہر کی جانب سے اس بارے میں کوئی مؤقف سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب صنم جاوید کی وکیل بیرسٹر خدیجہ صدیقی نے 7 نومبر کو سوشل میڈیا پر خلع کا دعویٰ دائر کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی موکلہ کا ذاتی اور خاندانی معاملہ ہے، اس لیے میڈیا ادارے، صحافی اور سوشل میڈیا صارفین غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔ ان کے اس بیان کے بعد بھی صنم جاوید کی سیاسی زندگی اور ازدواجی معاملات کے ممکنہ تعلق پر بحث جاری ہے، تاہم ان کے خاندانی اختلافات کی اصل وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکیں۔

یوں صنم جاوید ایک طرف 9 مئی کے مقدمات میں پانچ سال قید کی سزا کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہی ہیں تو دوسری طرف انہوں نے 17 سالہ ازدواجی زندگی ختم کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ اب 25 نومبر کو ہونے والی سماعت میں ان کے شوہر کا جواب سامنے آنے کے بعد اس مقدمے کی مزید تفصیلات واضح ہوسکیں گی۔

Back to top button