شمالی وزیرستان : سکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ

سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کے دو ٹھکانے تباہ کردیے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق 8 نومبر 2026ء کو سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں موزک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا،جس کا ہدف مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانےتھے۔
آپریشن کےدوران خوارج کی جانب سے مساجد میں قائم کیےگئے دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کیاگیا،اس کارروائی کے دوران پہلے سے تیارشدہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات،دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کا سامان،اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیاگیا۔
دہشت گردوں نے جان بوجھ کر مساجد کو اپنے ٹھکانوں کے طور پر استعمال کیا، جہاں وہ دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنےکے علاوہ مبینہ طور پر تشدد کےمراکز بھی چلارہے تھے۔
بیان میں بتایاگیا کہ عبادت گاہوں کی یہ بےحرمتی بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کی جانب سے اسلام کی بنیادی تعلیمات سے مکمل لاتعلقی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق افغان طالبان کی پشت پناہی سے سرگرم یہ خارجی دہشت گرد اسلام سے کوئی تعلق نہیں رکھتے،ہمارے عظیم مذہب کی ان کی گمراہ کن تشریح اور اسے اپنے مذموم مقاصد کےلیے استعمال کرنا خیبرپختونخوا اور پاکستان کے غیور و باشعور عوام کےلیے ناقابل قبول ہے اور وہ اسے مکمل طور پر مسترد کرتےہیں۔
بتایاگیا کہ علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے کےلیے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیےگئے وژن عزمِ استحکام کےتحت سکیورٹی فورسز اور پاکستان کے قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی جانب سے ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونےوالی دہشت گردی کے ناسور کےمکمل خاتمے کےلیے انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں پوری رفتار اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔
