وفاق کےساتھ ملکرصوبےکوحقوق دلوائیں گے،گورنرخیبرپختونخوا

گورنرخیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی کاکہناہے کہ اب وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے حقوق حاصل کیے جائیں گے۔

شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ صوبے کی سرکاری جامعات کو درپیش مالی مشکلات کے حل اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جامعات میں غیر ضروری بھرتیوں کا سلسلہ بند کیا جائے گا جبکہ وائس چانسلرز کے انتظامی امور میں کوئی مداخلت نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں 36 جامعات ہیں جنہیں مختلف مالی مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں اور جامعات کو وائس چانسلرز کے فیصلوں اور احکامات کے مطابق چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کی انتظامیہ کے ساتھ ادب، احترام اور اعتماد کا رشتہ بحال کیا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے، جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔ وفاق سے عوامی فلاح و بہبود کی تمام سکیموں میں خیبرپختونخوا کو اس کا جائز حصہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے حصول کے لیے این ایف سی سمیت ہر متعلقہ فورم پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔

گورنر نے سابق صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومت اپنے صوبے کا مقدمہ مؤثر انداز میں لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھی، تاہم اب وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے حقوق حاصل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور صوبے کی پالیسی اسلام آباد میں وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت سے طے ہوگی، نہ کہ جلال آباد یا کسی دوسری جگہ سے۔

 

Back to top button