12صوبےلسانی،سیاسی نہیں،انتظامی بنیادوں پربنیں گے،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں نئے صوبے بنانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 12 صوبوں کی تجویز ہے تو 12 بنا دیں بشرطیکہ وہ لسانی، نسلی یا سیاسی بنیادوں پر نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر قائم کیے جائیں۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کی تجویز گزشتہ 2 ماہ سے زیر بحث ہے اور ملک بھر سے اس حوالے سے آرا سامنے آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر 12 صوبوں کی تجویز ہے تو 12 بنا دیں لیکن وہ زبان، نسل یا سیاسی مفادات کی بنیاد پر نہیں بننے چاہییں۔

خواجہ آصف نے چھوٹے انتظامی یونٹس بنانے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کو عوامی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے زیادہ مؤثر نظام حکومت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور جیسے صوبائی دارالحکومتوں میں مرکوز نہیں رہنا چاہیے بلکہ انتظامی اختیارات چھوٹے یونٹس کو منتقل کیے جانے چاہییں۔

وزیر دفاع نے مالی وسائل کی موجودہ تقسیم پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکز سے منتقل ہونے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کی صوابدید پر رہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ فنڈز بالآخر بلدیاتی اداروں کے لیے ہوتے ہیں جو خود صوبائی حکام پر منحصر رہتے ہیں۔

خواجہ آصف نے سیاستدانوں سے بھی اپنے اختیار کے استعمال کے حوالے سے رویہ پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیاستدان سارا اختیار خود استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو تسلیم کرنا چاہیے کہ اقتدار عوام کی جانب سے سونپی گئی امانت ہے۔

Back to top button