اداکار اذان سمیع خان کس کیلئے سکول ٹیسٹ میں فیل ہوتے رہے؟

معروف گلوکار و اداکار اذان سمیع خان کا لڑکپن اور سکول لائف کافی رومانوی رہی ہے، اداکار کے مطابق زمانہ طالب علمی میں ایک لڑکی سے دوستی کی خاطر نہ صرف ٹیوشن سینٹر جوائن کیا بلکہ وہاں متعدد بار ٹیسٹ میں جان بوجھ کر فیل تک ہوئے تاکہ ان کا مقصد پورا ہو جائے۔
گلوکار نے ’فیوچیا میگزین‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے خاندان، زمانہ طالب علمی اور طلاق کے معاملے پر کھل کر بات کی، ان کے والد کا تعلق پشاور جبکہ والدہ کا تعلق کوئٹہ سے تھا، تاہم ان کی پیدائش کراچی میں ہوئی اور وہ وہیں پلے بڑھے، کوشش کے باوجود انہیں پشتو زبان میں بات کرنا نہیں آتا، البتہ انہیں پشتو زبان سمجھ میں آ جاتی ہے۔
گلوکار کے مطابق وہ کم عمری میں شرمیلے ہوتے تھے، انہیں لڑکیوں سے بات کرنے کی ہمت نہیں ہوتی تھی، تاہم وہ کسی پر ’کرش‘ نہیں ہوتے تھے، والدہ ان سے ہر معاملے پر کھل کر بات کرتی تھیں اور انہوں نے ان کی بہترین طریقے سے پرورش کی۔
اذان سمیع خان نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بچپن میں وہ والدہ کی آواز کی نقل اتار لیتے تھے اور وہ بینک سمیت دیگر اداروں سے فون پر والدہ کی آواز میں بات تک کر کے مسائل حل کرواتے تھے اور حیران کن طور پر انہیں کوئی پکڑ ہی نہیں پاتا تھا۔
انہوں نے والدہ کے متعدد بار کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈ فون پر ان کی آواز میں بات کرکے ایکٹو کروائے۔ بچپن کا ایک اور واقعہ بیان کیا کہ ان کے دوست شاہزیب حسین نے ان کے ساتھ دھوکا کیا لیکن ان کے دوست دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے انہیں دھوکا نہیں دیا۔
گلوکار کے مطابق شاہزیب حسین جوکہ اب ڈائریکٹر بن چکے ہیں، انہیں کم عمری میں لڑکی کے ساتھ دوستی رکھنے کیلئے اپنا وزن کم کرنے اور فٹنس پر توجہ دینے کی جانب راغب کیا لیکن اس دوران ان کے دوست نے اس ہی لڑکی کے ساتھ اپنا چکر چلایا جو گلوکار کو اچھی لگتی تھی۔
اذان سمیع نے بتایا ایک بار تعلقات ختم ہونے پر وہ خوفزدہ نہیں اور ان کا یقین ہے کہ ہر کسی کے ہر طرح کے تعلقات بعض اوقات خراب ہو جاتے ہیں اور ٹوٹتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر شخص دھوکا دینے والا ہوتا ہے، وہ دوبارہ بھی تعلقات استوار کرنے اور پیار کرنے کے حق میں ہیں۔
پروگرام کے دوران لڑکپن میں لڑکیوں سے دوستی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں سکول میں ایک لڑکی اچھی لگتی تھی لیکن سکول میں ان سے ان کی بات نہیں ہوپاتی تھی، لڑکی سے دوستی کی خاطر انہوں نے ٹیوشن سینٹر میں اس اُمید پر داخلہ لیا کہ وہ وہاں ان سے بات کرلیں گے۔
اذان سمیع خان نے انکشاف کیا کہ لڑکی سے دوستی اور بات کرنے کی خاطر وہ ٹیوشن سینٹر کے متعدد ٹیسٹس میں جان بوجھ کر فیل ہوئے تاکہ وہ کسی نہ کسی طرح ٹیوشن سینٹر میں ہی رہیں اور لڑکی سے بات کر سکیں لیکن اس کے باوجود وہ ناکام رہے۔
