سلطان آف جوہر کپ 2026، پاکستان نےچین کوشکست دیدی

سلطان آف جوہر کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے چین کے خلاف 3-8 کی شاندار اور بااثر کامیابی حاصل کر کے ٹورنامنٹ کا آغاز فتح کے ساتھ کر دیا ہے۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف مسلسل گولز داغ کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔

میچ کے آغاز سے ہی پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور چین کی دفاعی لائن پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔

پاکستان نے میچ کے 13 ویں منٹ میں سیف اللہ کے شاندار گول کے ذریعے پہلی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد 30 ویں منٹ میں فاروق محمد نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کی برتری کو 0-2 کر دیا۔

دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے چین پر اپنے حملے جاری رکھے۔ رانا ولید نے 37 ویں منٹ میں فیلڈ گول کر کے سکور 0-3 کر دیا، جبکہ اس کے صرف 2 منٹ بعد یعنی 39 ویں منٹ میں حمزہ فیاض نے گول داغ کر میچ میں پاکستان کا موقع مزید مضبوط بنا دیا۔

پاکستانی فارورڈز کے تابڑ توڑ حملوں سے چین کی ٹیم بالکل بے بس نظر آئی۔

میچ کے 43 ویں منٹ میں مصطفیٰ غلام نے ایک اور گول کر کے پاکستان کی برتری میں اضافہ کیا، جبکہ اس کے اگلے ہی منٹ یعنی 44 ویں منٹ میں عثمان محمد نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر سکور 0-6 کر دیا۔

 

 

میچ کے اختتامی لمحات میں حیدر عاصم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 ویں اور 57 ویں منٹ میں مسلسل 2 گولز داغ کر پاکستان کی برتری کو مزید مستحکم کر دیا اور ٹیم کی یکطرفہ فتح پر مہر ثبت کی۔

دوسری جانب چین کی ٹیم پاکستان کے اس طلاطم خیز حملے کا جواب دینے میں ناکام رہی، تاہم وہ 3 گولز کرنے میں کامیاب ہوئی۔ چین کی جانب سے لیانگ ہاؤلن نے 2 گولز سکور کیے، جبکہ ان کی ٹیم کا تیسرا گول وانگ یوبو نے بنایا۔

Back to top button