وسیم اکرم کاافغانستان پریمیئر لیگ میں مینٹور بننے سےانکار

سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے افغانستان پریمیئر لیگ میں مینٹور بننے کی پیشکش مسترد کردی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسی کے احترام میں لیگ کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم کو افغانستان پریمیئر لیگ میں مینٹورشپ کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے پی سی بی کے مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پیشکش قبول نہیں کی۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے پہلے ہی پاکستانی کرکٹرز کو افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسی پالیسی کے تحت وسیم اکرم نے بھی لیگ سے وابستہ نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب پاکستان کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو ٹیم پکتیا کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے، جس کی قیادت رحمت شاہ کریں گے، جبکہ سابق کپتان اور فاسٹ بولر وقار یونس کو ٹیم کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر، جن کے پاس برطانیہ کا پاسپورٹ ہے، کو بھی منگل کو ہونے والی کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ میں قندھار واریئرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کرلیا۔

محمد عامر اس وقت انگلینڈ میں مقیم ہیں اور رواں سال مئی میں برطانوی شہریت حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے ڈرافٹ میں برطانوی شہری کی حیثیت سے اندراج کرایا تھا۔ قندھار واریئرز نے انہیں اپنی پہلی ہی پک میں منتخب کیا اور افغانستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی پر ترجیح دی۔

Back to top button