27ستمبرکوقوم آزادی کیلئےباہرنکل کرجلسے کوکامیاب بنائے،عمران خان

بانی پی ٹی آئی عمران خان کاکہناہے کہ 27ستمبر کوقوم آزادی کیلئےباہرنکل کرجلسے کوکامیاب بنائے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کے اہم پیغامات قوم تک پہنچائے۔ ان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کا جلسہ قوم کی آزادی کی جدوجہد کا حصہ ہے اور پوری قوم کو اس دن باہر نکلنا چاہیے۔ عمران خان نے پارٹی قیادت کو ہدایت دی ہے کہ جلسے کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے۔

علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چار اہم نکات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ معاہدہ بے حد اہم ہے، عالمی سطح پر پاکستان کو اپنے تعلقات تیز اور مؤثر انداز میں جاری رکھنے چاہییں، جبکہ رمین شریفین کی حفاظت پاکستانی عوام کے لیے باعثِ سعادت ہے۔

توشہ خانہ کیس پر بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ایک گواہ جھوٹا ثابت ہو چکا ہے، اس بنیاد پر کیس ختم ہونا چاہیے۔ ان کے بقول سابق ملٹری سیکریٹری نے بھی تمام دستاویزات کو درست قرار دیا ہے اور امکان ہے کہ آئندہ چند سماعتوں میں یہ مقدمہ ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی جلد رہا ہوجائیں گے۔

عمران خان نے کرکٹ کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی نے کھیل کا بیڑا غرق کردیا ہے، جبکہ یاد دلایا کہ 2021 میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دو تہائی اکثریت کے باوجود ان کا ووٹ چوری کیا گیا اور سزا یافتہ افراد کو مسلط کیا گیا، جس سے ملک میں اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو دبانے کی کوشش کی گئی لیکن جو ججز رول آف لاء کے لیے کھڑے ہوئے ہیں وہ حقیقی قومی ہیرو ہیں۔

Back to top button