ایل این جی کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کر دیا گیا

ملک میں مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی قیمت میں تاریخ کا بلند ترین اضافہ کر دیا گیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی کے لیے ایل این جی کی فروختی قیمت میں 6.45 امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ کیا گیا ہے، جو حالیہ برسوں میں سب سے بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ جس کے بعد صارفین کے لیے ایل این جی مزید مہنگی ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کے نظام پر ایل این جی کی نئی فروختی قیمت 25.83 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے، جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے صارفین کے لیے یہ قیمت 25.80 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کو جولائی کے لیے سپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی کے پانچ کارگوز نسبتاً زیادہ قیمت پر خریدنا پڑے۔
سندھ کی عوام نئے صوبے نہیں چاہتی، مطالبہ پنجاب سے آ رہا ہے: سعید غنی
مہنگے سپاٹ کارگوز کی درآمد کے باعث جون کے مقابلے میں جولائی کے لیے ایل این جی کی فروختی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کا باضابطہ اطلاق اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت کیا جائے گا۔
