پاکستان کا غزہ امن منصوبے پر پیشرفت کا خیرمقدم

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ پاکستان غزہ امن منصوبے پر پیشرفت کو خوش آئند سمجھتا ہے اور اس سلسلے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک امریکا، مصر،قطر اور ترکیہ کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہتا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو توقع ہے کہ حالیہ پیش رفت غزہ امن منصوبے کے تحت کیےگئے تمام وعدوں پر مکمل عمل درآمد کی راہ ہموار کرےگی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔یہ سفارتی کوششیں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے ناقابلِ تنسیخ حق کے حصول میں معاون ثابت ہوں گی۔
پاکستان نے زور دیاکہ اس مقصد کےلیے بین الاقوامی قانون،عالمی برادری کی قانونی حیثیت اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک قابلِ اعتماد اور مقررہ مدت پر مبنی سیاسی عمل کو آگے بڑھایا جانا چاہئے۔
وزیراعظم کا غزہ امن معاہدے کا خیر مقدم
پاکستان نے اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ اس سیاسی عمل کا منطقی انجام 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار،جغرافیائی طور پر متصل اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کا قیام ہونا چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
