وزیراعظم کا غزہ امن معاہدے کا خیر مقدم

وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ بورڈ آف پیس کی جانب سے پیش کیےگئے امن معاہدے کے مسودے کا خیر مقدم کرتےہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ پیش رفت فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی راہ ہموار کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت میں ثالثی کا کردار ادا کرنےوالے ممالک امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ خصوصی تحسین کے مستحق ہیں۔
وزیر اعظم نےکہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں یہ بورڈ آف پیس کےلیے ایک اہم کامیابی ہے۔پاکستان کو امید ہےکہ اس پیشرفت کےبعد غزہ امن منصوبے کے تحت کیےگئے تمام وعدوں پر عملدرآمد کےلیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعظم نےکہاکہ یہ کوششیں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی راہ ہموار کریں گی،جو بین الاقوامی قانونی اصولوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کےمطابق ایک قابلِ اعتماد اور مقررہ مدت پر مبنی سیاسی عمل کے ذریعے ممکن ہوگا۔اس عمل کے نتیجے میں 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد،خود مختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست قائم ہونی چاہیے،جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ، اسرائیلی انخلا مرحلہ وار ہوگا : ٹرمپ
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھاکہ غزہ میں حماس کے غیرمسلح ہونے کا معاہدہ ہوگیا ہے،جیسے ہی غزہ کو غیرمسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا،اسرائیلی افواج واپس چلی جائیں گی۔معاہدہ غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی جانب اہم قدم ہے،معاہدہ مرحلہ وار اور منظم طریقے سے نافذ کیا جائے گا۔
