غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ، اسرائیلی انخلا مرحلہ وار ہوگا : ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ سے متعلق ایک اہم پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ بورڈ آف پیس کی ثالثی میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس اور دیگر مسلح گروہوں کے غیر مسلح ہونے پر معاہدہ طے پاگیا ہے،جس کے تحت اسرائیلی افواج بھی مرحلہ وار غزہ سے انخلا کریں گی۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ طے پا گیا ہے اور جیسے جیسے غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج بھی مرحلہ وار غزہ سے واپس چلی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے،جس پر مرحلہ وار اور منظم انداز میں عمل درآمد کیا جائےگا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہاکہ بورڈ آف پیس نے آج غزہ میں حماس اور دیگر تمام مسلح گروہوں کے مکمل غیرمسلح ہونے سے متعلق ایک تاریخی معاہدہ کیا ہے، جو خطے میں دیرپا امن اور سلامتی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
ان کاکہنا تھاکہ اس معاہدے کے نتیجے میں بالآخر غزہ میں ایک نئی فلسطینی حکومت قائم ہوگی،جو فلسطینی عوام کی خدمت کےلیے بورڈ آف پیس کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرے گی۔
امریکی صدر نےکہا کہ ساتھ ہی اسرائیل کو بھی وہ سکیورٹی فراہم کی جائےگی جس کا وہ مطالبہ کرتا ہے،تاکہ غزہ کو مستقبل میں حملوں کے اڈے کے طور پر استعمال نہ کیا جا سکے۔
امریکی صدر نے کہا کہ یہ معاہدہ میرے 20 نکاتی منصوبے پر عمل درآمد کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس پر مرحلہ وار عمل کیا جائے گا، اور جیسے جیسے غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج غزہ سے انخلا کریں گی، جب کہ بین الاقوامی استحکام فورس نئی فلسطینی پولیس کے ساتھ مل کر غزہ میں امن و امان کی ذمہ داری سنبھالے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ ایک سال قبل غزہ شدید جنگ، انسانی بحران کا شکار تھا، تاہم اب نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، اگرچہ ابھی مزید کام باقی ہے۔
ٹرمپ نے اس موقع پر مصر، قطر اور ترکیہ کے ثالثی کردار کو سراہتےہوئے ان کا شکریہ ادا کیا جب کہ مذاکراتی ٹیم کی کوششوں کو بھی تاریخی پیش رفت کا سبب قراردیا۔
صدر ٹرمپ کے بیان میں مزید کہاگیا کہ 7 اکتوبر کو غزہ سے پیدا ہونےوالے خطرے کو دوبارہ جنم لینے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔اس معاہدے کے تحت غزہ بالآخر ایسی نئی فلسطینی حکومت کےحوالے کیا جائےگا جو اپنے عوام کی خدمت کرے گی، اور اس پیش رفت کو ایک تاریخی کامیابی قراردیتے ہوئے سب کو مبارکباد دی گئی۔
پاسداران انقلاب کا اردن میں 3 امریکی لڑاکا طیارے تباہ کرنےکا دعویٰ
دوسری جانب حماس نے تصدیق کی ہے کہ ہتھیاروں اور اسرائیلی فوج کے غزہ سے مرحلہ وار انخلا پر معاہدہ طے پاگیاہے۔حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہےکہ معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کےلیے ثالث کردار ادا کریں،امید ہے ثالث اور بورڈ آف پیس اسرائیل کو معاہدے کا پابند بنائیں گے۔
