پاسداران انقلاب کا اردن میں 3 امریکی لڑاکا طیارے تباہ کرنےکا دعویٰ  

ایرانی پاسداران انقلاب نے اردن کی الازرق بیس پر میزائل حملوں میں امریکا کے 3 ایف 35 طیارے تباہ کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔

پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے اعلان کیا ہےکہ اس نے گزشتہ شب ایران پر کیے گئے حملوں کے جواب میں اردن کی الازرق بیس کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا جس میں امریکا کے تین ایف35 جنگی طیارے تباہ اور متعدد امریکی فوجی افسر اور اہلکار ہلاک ہوگئے۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ہمارے خطے میں بچوں کو قتل کرنے والی فوج کے لیے کوئی جگہ نہیں، آخری امریکی قابض کو خطے سے نکالنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ اردن کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حدود سے فائر کیے گئے 5 میزائلوں کو اردن کی فضائی حدود میں تباہ کر دیا ہے۔

اردن کی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق تمام میزائلوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اردن کی افواج ہائی الرٹ پر ہیں اور ملک اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

دوسری جانب کویت کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ملک کے شمالی علاقے میں ایک چینی کمپنی کی عمارت پر ایرانی حملے کے نتیجے میں ایک مزدور ہلاک ہو گیا۔

وزارت کے ترجمان میجر جنرل سعود عبدالعزیز العتیبی نے بتایا کہ حملے سے عمارت کو بھاری نقصان پہنچا جبکہ واقعے کے بعد حکام نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

 

Back to top button