مہوش حیات بھی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے متحرک

معروف اداکارہ مہوش حیات بھی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے میدان عمل میں اترآئی ہیں، اورعالمی اداروں سمیت دنیا بھر کے فلاحی اداروں سے پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے آگے بڑھنے کی اپیل کر دی ہے۔ مہوش حیات نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام میں عالمی برادری کو بتایا کہ اسوقت ملک بھر میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے لاکھوں لوگ تاحال بے گھر ہیں اور وہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
اداکارہ کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے اب تک ملک بھر میں 1500 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ ایک ماہ کے اندر سیلاب سےمتاثرہ 70 ہزار خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش متوقع ہے، سیلاب سے متاثرہ افراد غذائی قلت سمیت صحت کی سہولیات سے بھی محروم ہیں اور اس وقت ان کے لیے ایک گولی اور ایک روپے کی مدد بھی ان کے بہت کام آ سکتی ہے۔
سیلاب اداکار شان شاہد کی فلم ’ضرار‘ بھی بہا کر لے گیا
مہوش حیات نے عالمی فلاحی اداروں، ممالک اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستانی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے آگے بڑھیں اور ان اداروں کے ساتھ تعاون کریں جو پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فلاحی کام جاری رکھے ہوئے ہیں، اداکارہ نے لوگوں کو بھی اپیل کی کہ وہ برطانوی فلاحی ادارے ‘پینی اپیل’penny appeal کو اپنے عطیات دے سکتے ہیں، جس کی اداکارہ خود ایمبیسڈر بھی ہیں۔ یہ ادارہ پاکستان کے سیلاب متاثرین علاقوں میں فلاحی کام بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسکے علاوہ مہوش حیات نے برطانوی نشریاتی اداروں ‘بی بی سی’ اور ‘اسکائے نیوز’ سے بات کرتے ہوئے بھی لوگوں کو اپیل کی کہ پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کردار ادا کریں۔ مہوش نے دنیا کو بتایا کہ اس وقت پاکستانی سیلاب متاثرین کو ادویات سے لے کر کھانے، بستروں سے لے کر کپڑوں اور بچوں کی ضرورت کی چیزوں سے لے کر خواتین کی چیزوں کی اشد ضرورت ہے، لوگوں کے گھر اور تمام جائیدادیں ختم ہوچکی ہیں اور وہ بے سہارا ہو چکے ہیں، مہوش حیات سے قبل بھی دیگر شوبز شخصیات نے عالمی برادری کو پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کی تھی۔
شوبز شخصیات کے علاوہ سماجی رہنما بھی عالمی برادری سے پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیلیں کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ متعدد ممالک اور عالمی اداروں نے متاثرین کے لیے فنڈز کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔علاوہ ازیں اقوام متحدہ نے بھی پاکستانی سیلاب متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے 16 کروڑ ڈالر کی ہنگامی امداد کی اپیل کر رکھی ہے۔
