نعمان جاوید کی جاناں ملک اورفریحہ پرویز سے طلاق کیوں ہوئی؟

ماضی میں معروف اداکارہ جاناں ملک اورگلوکارہ فریحہ پرویزسے ناکام شادیاں کرنے والے گلوکارنعمان جاوید نے دعوی ٰکیا ہے کہ انہیں چند مزید خواتین نے شادی کی پیش کش کر رکھی ہے مگر وہ اس بار فیصلہ کرنے میں تذبذب کا شکار ہیں، اور فی الحال تنہا ہی زندگی گزار رہے ہیں۔ یاد رہے کہ نعمان جاوید ’اے آر وائے ڈیجیٹل‘ پر نشر ہونے والے ریئلٹی شو ’تماشا گھر‘ کا حصہ ہیں، جس کی تازہ قسط میں انہوں نے اپنی ناکام شادیوں اور مستقبل کے حوالے سے بات کی۔ ریئلٹی شو میں وہ ’تماشا گھر‘ کی خاتون ساتھی سحر کے ساتھ اپنی ناکام شادیوں کے حوالے سے بات کرتے دکھائی دیئے، گلوکار نے بتایا کہ ابھی وہ تنہا زندگی گزار رہے ہیں مگر انہیں چند خواتین شادی کی پیش کش کرچکی ہیں، وہ ان کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتی ہیں مگر وہ اس بارے فیصلہ نہیں کر پا رہے چونکہ پہلے ان کی دو شادیاں ناکام ہوچکی ہیں۔ لہذا اب وہ سوچ سمجھ کر تیسری شادی کا فیصلہ کریں گے، انکا کہنا تھا کہ دودھ کا جلا ہوا شخص چھاچھ کو بھی پھونک پھونک کر پیتا ہے۔

گلوکار نعمان جاوید نے اپنی پہلی دونوں ناکام شادیوں پر بات کرتے ہوئے دبے الفاظ میں بتایا کہ وہ دوسروں کے مسائل سمجھنے والے شخص ہیں اور جو بھی ان کے سامنے مظلوم بن کر روتا ہے تو وہ اس کی مدد پر آمادہ ہو جاتے ہیں اور شاید یہی ان کی غلطی ہے جس کی سزا بھی انہیں ملی، لیکن گلوکار نے مظلوم بن کر رونے والے افراد کا نام نہیں لیا، تاہم انہوں نے یہ بات اپنی پہلی دونوں ناکام شادیوں سے متعلق کی جانے والی گفتگو کے دوران کی۔ نعمان جاوید نے اپنی پہلی دونوں سابقہ بیویوں کا نام لیے بغیر رئیلٹی شو کی ساتھی خاتون کو بتایا کہ ان کی پہلی شادی ایک نامور گلوکارہ کے ساتھ ہوئی تھی جب کہ دوسری شادی ایک نامور اداکارہ کے ساتھ ہوئی تھی۔

مہوش حیات بھی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے متحرک

خیال رہے کہ نعمان جاوید کی پہلی شادی 2016 کے آغاز میں نامور گلوکارہ فریحہ پرویز کے ساتھ ہوئی تھی، اس سے پہلے خبریں تھیں کہ دونوں نے 2015 میں ہی شادی کرلی تھی مگر اسکی تصدیق 2016 کے آغاز میں ہوئی تھی۔ مگر اسی سال نومبر 2016 میں ان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

فریحہ پرویزسے طلاق کے چند ماہ بعد ہی نعمان جاوید نے اداکارہ جاناں ملک سے 2016 میں ہی شادی کرلی تھی، تب یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ گلوکار نے فریحہ پرویز کو طلاق دینے سے قبل ہی جاناں ملک سے شادی کی تھی، تاہم اس حوالے سے کبھی کھل کر کوئی بات نہیں کی۔ لیکن جاناں ملک اور نعمان جاوید کی شادی بھی ایک سال سے کم عرصے تک چلی اور دونوں کے درمیان 2017 کے وسط تک طلاق ہوگئی، نعمان جاوید کی دونوں طلاقوں سے متعلق خبریں تھیں کہ گلوکار کے غیر مستحکم مالی مسائل اور ان کے نامناسب رویے ہی ان کی شادیوں کے خاتمے کا سبب بنے، تاہم اس حوالے سے ان کی سابق بیویوں نے کبھی کوئی بات نہیں کی۔

Back to top button