مودی اورچینی صدرکاملاقات میں کشیدگی ختم کرنے پراتفاق

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اورچین کے صدر شی جن پنگ کے مابین ملاقات میں سرحدگی کشیدگی ختم کرنے پراتفاق ہوا۔
چین کے ساحلی شہر تیانجن میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے برسوں سے جاری سرحدی تناؤ کو پسِ پشت ڈالنے پر اتفاق کیا۔
مودی سات سال بعد پہلی بار چین پہنچے ہیں جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے دو روزہ سربراہی اجلاس میں شریک ہیں۔
اس اجلاس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت وسطی، جنوبی، مشرقی اور مشرقِ وسطیٰ کے رہنما شریک ہیں، جسے عالمی جنوب کے اتحاد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
مودی نے کہا کہ بھارت تعلقات کو باہمی احترام، اعتماد اور حساسیت کی بنیاد پر آگے بڑھانا چاہتا ہے۔یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب امریکا نے روسی تیل کی خریداری پر بھارت کو نشانہ بناتے ہوئے بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق مودی اور شی جن پنگ مغربی دباؤ کے مقابلے میں مشترکہ موقف اپنانے کے خواہاں ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمالیائی سرحد پر اب امن اور استحکام قائم ہے، جو 2020 کی جھڑپوں کے بعد تعطل کا شکار تھی۔ انہوں نے بتایا کہ سرحدی انتظام پر معاہدہ طے پا گیا ہے، تاہم تفصیلات نہیں بتائیں۔
شِنہوا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے کہا کہ سرحدی مسئلہ چین–بھارت تعلقات کی تعریف نہیں ہونا چاہیے۔ اگر دونوں ملک ایک دوسرے کو حریف کے بجائے شراکت دار سمجھیں تو تعلقات زیادہ مستحکم اور دور رس ہوں گے۔
گزشتہ سال روس میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران سرحدی گشت پر معاہدہ ہوا تھا، جس کے بعد تعلقات میں بہتری کا آغاز ہوا اور حالیہ ہفتوں میں یہ عمل تیز ہوا ہے۔
مودی نے یہ بھی اعلان کیا کہ 2020 سے معطل براہِ راست پروازیں بحال کی جائیں گی، تاہم وقت نہیں بتایا۔ رواں ماہ بھارت کے دورے کے دوران چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے نایاب معدنیات، کھاد اور سرنگ کھودنے والی مشینوں پر برآمدی پابندیاں ہٹانے پر بھی اتفاق کیا۔
چین میں بھارتی سفیر شو فیہونگ کے مطابق بیجنگ امریکا کے سخت تجارتی اقدامات کی مخالفت کرتا ہے اور نئی دہلی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا نے طویل عرصے تک بھارت کے ساتھ تعلقات اس امید پر استوار کیے کہ وہ بیجنگ کا توازن قائم کرے گا، تاہم حالیہ مہینوں میں چین نے بھارتی زائرین کو تبت کے بدھ مت مقامات پر جانے کی اجازت دی ہے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر عائد سیاحتی ویزا پابندیاں بھی ختم کر دی ہیں۔
