پاکستان نے قبل ازوقت2600ارب قرض واپس کردیا

پاکستان نے قبل از وقت 2600 ارب روپے قرض واپس کیا، عالمی بینک سے 20 ارب ڈالر رعایتی قرض کی منظوری بھی دیدی گئی۔
وفاقی وزارتِ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے قبل از وقت 2600 ارب روپے کے قرضے واپس کر دیے ہیں جبکہ عالمی بینک کی جانب سے 20 ارب ڈالر کا رعایتی قرض منظور کرلیا گیا ہے، جس کے بعد مجموعی قرضوں کا حجم 40 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق صرف 59 روز میں اسٹیٹ بینک کو 1633 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی، جن میں 30 جون کو 500 ارب اور 29 اگست کو 1133 ارب روپے شامل ہیں۔ اسی طرح کمرشل مارکیٹ کا 1000 ارب روپے کا قرض بھی وقت سے پہلے ادا کردیا گیا۔
مشیرِ خزانہ خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ قبل از وقت قرضوں کی واپسی ملکی معیشت کے لیے تاریخی پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق آئی ایف سی کے تعاون سے نجی شعبے کو مزید 20 ارب ڈالر کی فراہمی متوقع ہے، جس کے بعد قرضوں کی مجموعی مالیت 40 ارب ڈالر ہو جائے گی۔
