اسرائیلی وزیر دفاع کا حماس کے ترجمان کوشہید کرنےکادعویٰ

اسرائیلی وزیر دفاع نےدعویٰ کیا ہے کہ حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ شہید ہوگئے۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹس نے کہا کہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ ہفتے کے روز غزہ میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ کارروائی میں ابو عبیدہ کو نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی اعلان کیا تھا کہ ابو عبیدہ کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم انہوں نے کہا تھا کہ ان کی شہادت کی تصدیق کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی میڈیا گزشتہ روز سے ابو عبیدہ کی شہادت کا دعویٰ کرتا رہا ہے، لیکن اسرائیلی وزیر دفاع کا یہ بیان اس حوالے سے پہلا باضابطہ دعویٰ ہے۔
ادھر حماس کی جانب سے تاحال اس اسرائیلی دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
