مودی نےبھارت امریکہ تعلقات کو خوشگوار قرار دیدیا

بھارت کے وزیرِاعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ نئی دہلی اور واشنگٹن کے تعلقات اب بھی ’انتہائی مثبت‘ ہیں۔
بھارتی وزیراعظم کایہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مودی سے ذاتی دوستی کی تصدیق کرتے ہوئے اس سے پہلے کے اپنے بیان کو کم اہمیت دی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا ’بھارت کو چین کے ہاتھوں کھو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیانات کا یہ تبادلہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب واشنگٹن نے بھارتی درآمدات پر 50 فیصد تک ٹیرف عائد کر دیے ہیں اور نئی دہلی پر الزام لگایا ہے کہ وہ روسی تیل خرید کر یوکرین پر ماسکو کے مہلک حملوں کو تقویت دے رہا ہے۔
تاہم ٹرمپ اور مودی دونوں دائیں بازو کے مقبول رہنما ہیں، مودی نے ٹرمپ کی پہلی صدارت کے دور سے ہی ایک مضبوط تعلق قائم رکھا ہے۔
مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ صدر ٹرمپ کے جذبات اور ہمارے تعلقات کے مثبت اندازے کی گہری قدر کرتا ہوں اور اس کا بھرپور جواب دیتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور امریکا ایک ’انتہائی مثبت اور مستقبل کی جانب دیکھنے والی جامع اور عالمی اسٹریٹجک شراکت داری‘ رکھتے ہیں۔
اس سے پہلے ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا تھا کہ وہ ’ہمیشہ مودی کے دوست رہیں گے۔
