مودی سرکارشکست کو پروپیگنڈہ سےجھٹلانہیں سکتی،پاکستان

ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان کاکنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جس کو مودی سرکار پروپیگنڈہ سے جھٹلایا نہیں جاسکتی۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا پریس بریفنگ کے دوران کہناتھا کہ پاکستان کو مایوسی میں جنگ بندی کے لیے درخواست کرتے ہوئے ملک کے طور پر پیش کرنا مودی کا سفید جھوٹ ہے۔ پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی اشتعال انگیز ہرزہ سرائی مسترد کردیا۔پاکستانی ایک خودمختار قوم ہے اور اس کے ادارے ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں اور ساری دنیا میں ہماری امن کے لیے کاوشوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔
شفقت علی خان نے کہاکہ پاکستان نے اپنا حقِ دفاع استعمال کرتے ہوئے بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جس سے پاکستان نے اپنی فوجی قوّت کا لوہا منوایا۔ یہ اب ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے جس کو پروپیگنڈہ سے جھٹلایا نہیں جاسکتا۔ایسے وقت میں جب بین الاقوامی برادری علاقائی امن اور استحکام کے لیے کوشاں ہے، مودی کا غلط معلومات، سیاسی مفاد پرستی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتا ہوا بیان خطرناک کشیدگی میں اضافے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ پاکستان حالیہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے پوری طرح سے پُرعزم ہے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے کوشاں ہے۔ جنگ بندی بہت سے دوست ممالک کی سہولت کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی جنہوں نے پاکستان سے کشیدگی میں کمی کے لیے رابطہ کیا۔ عورتوں اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کو مارنا اور پھر اُسے نیونارمل کہنا علاقے کے لیے ایک انتہائی غیرذمے دارانہ روّیہ ہے۔ پاکستان اس بات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ پاکستان دہشتگردی کا شکار ہے جو براہ راست بھارت کی سرپرستی میں ہو رہی ہے۔ ہم اس دہشتگردی کی وجہ سے بہت کچھ برداشت چکے ہیں، دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں ہمارا تعاون اور قربانیاں سب پر عیاں ہیں۔