بلاول بھٹوسےمحسن نقوی کی ملاقات،آزادکشمیرکی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے وزیرِ داخلہ محسن نقوی  کی ملاقات ، آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، تحریکِ عدم اعتماد اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاک افغان کشیدگی اور خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ آزاد کشمیر کی حالیہ سیاسی ہلچل، خصوصاً وزیراعظم انوارالحق کے خلاف پیش کی جانے والی تحریکِ عدم اعتماد اس ملاقات کا مرکزی نکتہ رہی۔

پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں نئی سیاسی صف بندی کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو حکومت اور کابینہ میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔

تاہم مسلم لیگ (ن) نے تحریک کی حمایت کے باوجود وزارتوں میں شمولیت اور وزیراعظم کے انتخاب میں ووٹنگ سے انکار کردیا ہے۔ ن لیگ نے خود کو اپوزیشن میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی یہ ملاقات ایوانِ صدر میں ہونے والے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس سے قبل ہوئی ۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر اپنی تجاویز پیش کرے گی۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اجلاس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے امیدوار کا باضابطہ اعلان کرے گی تاکہ مسلم لیگ (ن) کے تحفظات دور کیے جا سکیں اور آئندہ سیاسی حکمتِ عملی طے ہو سکے۔

Back to top button