نیب نے فراڈ متاثرین کو رقم کی آن لائن ادائیگی کا آغاز کردیا

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مالی فراڈ کے متاثرین کے لیے ادائیگیوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے رقوم کی آن لائن منتقلی کا آغاز کر دیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد متاثرین کو دفاتر کے چکر لگانے سے نجات دلانا اور ادائیگیوں کے عمل کو تیز تر اور شفاف بنانا ہے۔

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے اس نئے نظام کا آغاز کرتے ہوئے فراڈ متاثرین کو براہ راست بینک کھاتوں میں بازیاب شدہ رقوم منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کو ادائیگیوں میں تاخیر اور مشکلات کا سامنا تھا، جسے اب ڈیجیٹل طریقہ کار سے حل کیا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت چیئرمین نیب نے کی۔ ابتدائی مرحلے میں B4U اسکینڈل کے متاثرین کو رقم آن لائن منتقل کی گئی۔

تقریب میں ڈپٹی چیئرمین نیب، مختلف ڈائریکٹر جنرلز، نیشنل بینک آف پاکستان کے نمائندگان اور دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔

چیئرمین نیب نے خود متاثرین کے اکاؤنٹس میں آن لائن ادائیگیوں کا عمل شروع کیا، جو نیب کی ڈیجیٹل اصلاحات کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ہے۔

ماضی میں نیب پے آرڈرز کے ذریعے ادائیگی کرتا تھا، جس میں وقت لگتا اور متاثرین کو دفاتر آنا پڑتا تھا، لیکن اب یہ عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو چکا ہے، جس سے متاثرین کو براہِ راست فائدہ ہوگا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!