کیا آئندہ چھ ماہ میں گاڑیاں مزید سستی ہونے والی ہیں؟

ملک کی ابتر معاشی حالت کی وجہ سے جہاں ہر شعبہ متاثر ہوا ہے وہیں آٹو موبائل انڈسٹری بھی گراوٹ کا شکار ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران گاڑیوں کی قیمتوں میں مزید کمی آئے گی۔ایک جانب تو گاڑیوں کی پیداوار میں کمی واقع ہو رہی ہے تو دوسری طرف ان کی قیمتوں میں 100 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے، آٹو موبائل انڈسٹری اور حکومت سے منسلک ماہرین آئندہ چھ ماہ تک گاڑیوں کی قیمتیں کم ہونے کو روپے کی قدر سے مشروط کر رہے ہیں۔آٹو موبائل انڈسٹری سے منسلک اور ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں شعیب نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ملک میں گاڑیوں کی قیمتیں کم ہونا بظاہر ممکن نہیں ہے، آٹو موبائل انڈسٹری کو درپیش بحرانوں کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کی کرنسی اس وقت مستحکم نہیں، ملک میں گاڑیوں کی قیمتیں ڈالر کے ریٹ سے جڑی ہیں، گزشتہ دو سے تین سال کے دوران پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی وجہ بھی روپے میں آنے والی گراوٹ تھی۔میاں شعیب کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کا آٹو موبائل سیکٹر 80 فیصد آٹو پارٹس درآمد کرتا ہے، مہنگے درآمدی آٹو پارٹس گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کی دوسری بنیادی وجہ ہیں، ملک میں بڑی آٹوموبائل کمپنیوں کی اجارہ داری اور ناقص حکومتی پالیسیوں کے سبب 30 برسوں سے آٹو انڈسٹری کے لیے مقامی سطح پر پلانٹس نہیں لگائے جا سکے۔پاکستان ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مقامی سطح پر بڑی آٹو موبائل کمپنیاں ملک میں مقامی آٹو پلانٹس لگانے میں دلچسپی نہیں لے رہیں اور حکومت بھی اس معاملے میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا رہی۔وزارت صنعت و پیداوار کے ذیلی ادارے انجینیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے جی ایم پالیسی، ایڈمن اور کوارڈینیشن عاصم نیاز نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’گاڑیوں کی قیمتیوں میں کمی یا اضافہ مارکیٹ بیسڈ ہے۔ گاڑیوں کے پارٹس کو مقامی طور پر تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت ملک میں آٹو انڈسٹری سکڑ گئی ہے۔ گاڑیاں کم تعداد میں بن رہی ہیں اس لیے پارٹس کو مقامی سطح پر تیار کرنا مشکل ہے۔مہنگی گاڑیوں کی وجہ سے پاکستان کی آٹو انڈسٹری کی پیداوار میں بھی نمایاں کمی آئی ہے، سرکاری دستاویزات کے مطابق ’تین سال کے دوران گاڑیوں کی مجموعی پیداوار میں 46.07 فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے۔پاکستان کہ نسبت انڈیا میں گاڑیاں سستی ہونے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے آٹو انڈسٹری سے وابستہ افراد نے بتایا کہ انڈیا کی مستحکم معیشت اور انڈین روپے کی مضبوطی کے سبب وہاں گاڑیاں پاکستان کی نسبت نصف قیمت پر دستیاب ہیں۔انڈیا میں آٹو موبائل کمپنیوں کے بڑے مقامی پلانٹس بھی گاڑیاں سستی ہونے کی وجہ ہیں، آٹو انڈسٹری کے کاروبار سے منسلک افراد کہتے ہیں کہ انڈیا گاڑیوں کے سپیئر پارٹس باہر سے نہیں منگواتا، ملک کے اندر ہی گاڑیوں کے پارٹس بننے سے
قیمتیں مستحکم رہتی ہیں۔
