شمالی وزیرستان، سکیورٹی فورسز کا آپریشن ،5 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کا افسر شہید

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی ہے، اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے آفیسر میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یکم اگست 2026 کو سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر حافظ احسان الٰہی نے دہشتگردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ خوارج سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد دہشتگرد حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم کسی بھی خارجی کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
