پاکستان اور چین کی مسلح افواج حقیقی شراکت دار ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے قیام کی 99ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ انہوں نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا۔

سید عاصم منیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود ہمیشہ مضبوط اور مستحکم رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد، آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر پورا اترنے والے ہیں۔ ان کے بقول دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی باہمی اعتماد، غیر متزلزل تعاون اور مشترکہ مفادات پر استوار ہے۔

فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرتی رہیں گی۔

اس موقع پر چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

ایران کی جنگی کامیابی کو سفارتی سطح پر بھی مستحکم کرنا ہوگا: باقر قالیباف

چینی سفیر نے پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

Back to top button