عالمی تنازعات کے حل کیلئے عمان کا کلیدی کردار قابل تعریف ہے،وزیرداخلہ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور ہم خطے میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں، بین الاقوامی تنازعات کے حل کیلئے عمان کا کلیدی کردار قابل تعریف ہے۔
وزیر داخلہ مسقط میں عمان کی وزارت داخلہ پہنچے جہاں عمان کے وزیر داخلہ سید حمود بن فیصل البوسیدی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
محسن نقوی نے اپنے عمانی ہم منصب سید حمود بن فیصل البوسیدی سے ملاقات کی، ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلیم گیم سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کا موقف بہت واضح ہے جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے عمانی وزیر داخلہ کو پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ بلیم گیم سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کا موقف بہت واضح ہے ۔ جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔
ملاقات کے دوران پاکستانیوں کو ویزا کے حصول میں مسائل، انسداد منشیات و انسداد اسمگلنگ، پولیس ٹرینگ، کوسٹل گارڈز کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ اسلام آباد اور مسقط کو سسٹر سٹیز قرار دینے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے عید پر پاکستانی قیدیوں کے لئے ایمنسٹی پر عمان کے سطان کا شکریہ اداکیا، عمان کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے باہمی اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ عمان اور پاکستان مشترکہ اقدار رکھتے ہیں۔ ہم بھائی بھی ہیں اور ہمسائے بھی، پاک عمان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے، عمان کے ساتھ اشتراک کار بڑھانے کے لئے اقدامات دنوں میں نظر آئیں گے۔
عمانی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور عمان انتہائی برادرانہ و تاریخی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔