بلوچستان : پشین میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

سی ٹی ڈی نے بلوچستان کے ضلع پشین میں آپریشن کے دوران 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ پشین کے علاقے سرانان میں سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیاجہاں فائرنگ کے تبادلے میں 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کےمطابق فائرنگ کے تبادلے کےدوران 4 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتاہے ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کےمطابق ہلاک دہشت گرد فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھی فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا۔فورسز نے کامیابی سے نشانہ بناکر 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ان کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
