اپوزیشن نے مودی سرکار کی مبینہ ووٹ چوری کاپول کھول دیا

بھارت میں اپوزیشن کی جانب سے شروع کی گئی ’’ووٹر ادھیکار یاترا‘‘ نے مودی حکومت پر مبینہ ووٹ چوری کے سنگین الزامات کو اجاگر کر دیا ہے۔
بھارتی اپوزیشن کی مہم اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، اور بہار میں ہونے والے بڑے جلسوں میں راہول گاندھی، تیجسوی یادیو اور مکیش سہنی سمیت کئی اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی نے وزیراعظم مودی کو ’’ووٹ چور‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان پر الزام غلط ہے تو وہ خاموش کیوں ہیں؟ یہ خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ مودی جانتے ہیں کہ وہ بے نقاب ہو چکے ہیں۔
راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ انتخابی فہرستوں میں سنگین بے ضابطگیاں پائی جاتی ہیں، مثال کے طور پر بہار کے ایک گاؤں میں 947 ووٹرز کو ایک ہی گھر کا رہائشی ظاہر کیا گیا ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں کے مطابق ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا مقصد عوام کو ان بے ضابطگیوں سے آگاہ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت اور الیکشن کمیشن کی خصوصی نظرثانی کے تحت لاکھوں ووٹرز کو فہرستوں سے خارج کیا جا رہا ہے۔
راہول گاندھی نے مزید کہا کہ ووٹر لسٹ میں یہ تبدیلیاں مودی کی نگرانی میں ہو رہی ہیں اور آنے والے انتخابات سے قبل عوام کا جمہوری حق چھینا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کے مطابق بھارت میں جمہوریت کے نام پر دراصل آمریت مسلط کی جا رہی ہے۔
