ایران،11شوہروں کی قاتل خاتون”کالی بیوہ“کےنام سےمشہورہوگئی

11شوہروں کوقتل کرنے والی کلثوم اکبری نامی خاتون کو ایران میں ’کالی بیوہ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
ایران میں کلثوم اکبری نامی خاتون پر اپنے شوہروں کو زہریلی ادویات دے کر قتل کرنے کے ہولناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔ انہیں ستمبر 2023 میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب ان کے آخری شوہر عزیزاللہ بابائی کی موت مشکوک حالات میں ہوئی۔
استغاثہ کے مطابق ملزمہ دو دہائیوں (2000/2001 سے 2023 تک) کے دوران زیادہ تر معمر اور مالدار شوہروں کو نشانہ بناتی رہی، تاکہ ان کی جائیداد پر قبضہ کر سکے۔
عدالتی ریکارڈ میں کلثوم نے 11 شوہروں کے قتل اور ایک پر قتل کی کوشش کا اعتراف کیا ہے۔ تاہم بعض تحقیقات کے مطابق اس کے 19 شوہر ہوئے جن میں سے کئی پراسرار طور پر مردہ پائے گئے۔ بعض ذرائع نے ممکنہ مقتولین کی تعداد 20 سے بھی زیادہ بتائی ہے۔
ملزمہ عام طور پر شادی کے بعد شوہروں کو زہریلی ادویات دیتی اور بعض کیسز میں اسپتال پہنچنے کے بعد مزید زیادہ مقدار میں دوا پلا دیتی۔ متعدد اموات کو طبعی موت قرار دے کر وہ شک سے بچتی رہی۔
