پاک-چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچا رہے ہیں، چینی وزیر خارجہ

پاکستان کے دورے پر آئے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ چین، پاکستان کو اپنا قابل اعتماد اتحادی سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستانی وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وانگ ژی نے شاندار میزبانی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون، خطے کی صورتِ حال، اور سی پیک فیز ٹو سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری دن بہ دن مضبوط ہو رہی ہے۔ ’’علاقائی امن و استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے، اور ہم وزیرِاعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کے منتظر ہیں۔‘‘
اسحاق ڈار کا بیان:
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی ہم منصب کے ساتھ انتہائی مفید اور مثبت گفتگو ہوئی، جس میں سی پیک سمیت باہمی دلچسپی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، چین کے اس عزم کی قدر کرتا ہے جو اس نے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ظاہر کیا ہے۔ ’’ہم خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘‘
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ سی پیک فیز 2، عوامی سطح پر روابط، اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے، اور پاکستان سلامتی کونسل سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر چین کی حمایت جاری رکھے گا۔
