16 روز بعد کوئٹہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال

بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر 16 روز کی معطلی کے بعد کوئٹہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل بینچ نے موبائل انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سماعت کی، جس کے دوران متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالتی کارروائی کے دوران حکام نے آگاہ کیا کہ کوئٹہ شہر میں موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس جزوی طور پر بحال کی جا چکی ہے، تاہم صوبے کے دیگر علاقوں میں ابھی تک سروس معطل ہے۔

بلوچستان ہائیکورٹ نے حکام کو ہدایت کی کہ کوئٹہ میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس کو دو گھنٹوں کے اندر مکمل طور پر بحال کیا جائے۔

عدالتی حکم کے بعد 6 اگست سے معطل موبائل ڈیٹا سروس کی بحالی کا عمل کوئٹہ میں شروع ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ موبائل انٹرنیٹ سروس کی بندش کے خلاف چئیرمین کنزیومر سوسائٹی، خیر محمد، کی جانب سے آئینی درخواست دائر کی گئی تھی۔

Back to top button