پاکستان اور روس میں غیرقانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کےلیے معاہدے

پاکستان اور روس نے غیرقانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کےلیے اشتراک کار بڑھانے کا معاہدہ کرلیا۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے کرغزستان میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے روس، تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان اور قازقستان کے وزرائے داخلہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
محسن نقوی اور روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولٹسیف کے درمیان ملاقات میں اہم معاہدوں پر دستخط کیےگئے۔ دونوں ممالک نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، غیر قانونی طور پر مقیم شہریوں کی واپسی اور انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور روس میں غیرقانونی طور پر مقیم شہریوں کی وطن واپسی کےلیے باہمی تعاون بڑھانے کا بھی معاہدہ کیاگیا جب کہ انسداد منشیات اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام کےلیے بھی تعاون بڑھانے کا معاہدہ کیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور تاجکستان کے وزیر داخلہ رمضان رحیم زادہ کے درمیان ملاقات میں افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے کیمپوں کےبارے میں گفتگو کی گئی۔وزرائے داخلہ نے اتفاق کیاکہ افغانستان میں دہشت گردوں کے کیمپس اور منشیات کی پیداوار خطے کےلیے شدید سکیورٹی خدشات کا باعث ہیں، اس وقت افغانستان میں 25 مختلف دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں۔
محسن نقوی اور ازبک وزیر داخلہ میجر جنرل عزیز تاشپولاتوڡ کے درمیان ملاقات میں قانون نافذ کرنےوالے اداروں کےدرمیان تعاون اور مشترکہ ٹریننگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور کرغزستان کے وزیر داخلہ نیاز بیکوف اولان اوموکانوچ کے درمیان ملاقات میں مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔محسن نقوی نے کرغزستان کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر اپنے ہم منصب کو مبارکباد دی، محسن نقوی نے ایس سی او وزرائے داخلہ کے اجلاس کےلیے شاندار انتظامات پر کرغزستان کے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور قازقستان کے وزیر داخلہ یرژان سادینوف کے درمیان ملاقات میں غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کےلیے اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیاگیا،وزارت داخلہ کے درمیان ورکنگ گروپ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
